ایمز ٹی وی( مانیٹرنگ ڈیسک) فضائی سفر کے لیے گھنٹوں ایئرپورٹ پر بیٹھے رہنا بہت مشکل کام ہوتا ہے اور اگر وائی فائی نہ ہو تو اس وقت کو کاٹنا مزید مشکل ہوجاتا ہے لیکن اب ایک کمپیوٹر سیکیورٹی انجینئر نے دنیا کے اہم ہوائی اڈوں پر مفت وائی فائی کی تفصیل نقشے کی صورت میں شائع کی ہے۔
برطانوی سیکیورٹی انجینئر انیل پولاٹ نے جو نقشہ تیار کیا ہے اس میں ایئرپورٹس پر موجود مفت وائی فائی کی تازہ ترین معلومات موجود ہیں اور اس کے لیے ایک ایپ بھی تیار کرلی گئی ہے جس کی قیمت صرف دو ڈالر ہے۔ انیل کے مطابق اگرچہ دنیا بھر کے متعدد ایئرپورٹس پر مفت وائی فائی موجود ہے لیکن ان تک رسائی آسان نہیں کیونکہ پاس ورڈ ضروری ہوتا ہے۔
اس کے لیے پولاٹ نے دنیا بھر کے لوگوں سے کہا کہ وہ زیادہ سے زیادہ ایئرپورٹس کی حدود میں وائی فائی پاس ورڈز شیئر کریں۔ اس کے بعد ان کی فہرست بنائی گئی اور اسے گوگل میپ کے ساتھ ملادیا گیا۔
نقشے کو بہت آسان انداز میں سمجھا جاسکتا ہے اور اس میں نئی معلومات اور پاس ورڈ تبدیل کرنے کے عمل کو بھی تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ اس طرح استعمال کرنے والے افراد کی تازہ معلومات کے تحت معلومات تبدیل ہوتی رہتی ہے اور ایپ اپ ڈییشن کا سلسلہ جاری رہتا ہے۔
انیل پولاٹ کا مشورہ ہے کہ اپنے فون کے ساتھ ایک یو ایس بی وائرلیس اینٹینا بھی ساتھ رکھیں تاکہ وائرلیس رینج کو بڑھایا جاسکے۔