Friday, 29 November 2024


کشمیریوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک پر تشویش کا اظہار

ایمز ٹی وی(سرینگر) مقبوضہ کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے چےئرمین سید علی گیلانی نے مختلف جیلوں میں نظربند ہزاروں آزادی پسند رہنماؤں، کارکنوں اور نوجوانوں کے حوصلے اور جذبے کو سلام پیش کرتے ہوئے عالمی برادری اور انسانی حقوق کے عالمی اداروں سے اپیل کی ہے

وہ کشمیری نظربندوں کی رہائی کے لیے اپنا اثرورسوخ استعمال کریں۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق سید علی گیلانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں وادی سے باہر کی جیلوں با الخصوص کٹھوعہ، کوٹ بلوال اور ادھم پور میں نظربند کشمیریوں کے ساتھ روا رکھے جانے والے غیر انسانی سلوک پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی حکمران اپنے ہی بنائے ہوئے جیل قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہیں اورنظربندوں کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھتے ہیں جبکہ بیماری کی صورت میں انہیں طبی سہولیات سے بھی محروم رکھا جارہا ہے۔


انہوں نے کہا کہ حالیہ عوامی انتفادہ کے دوران 12سال کے معصوم بچوں سے لے کر 75سال کے معمر افراد سمیت ہزاروں لوگوں کو کالے قانون پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت نظربند کردیا گیا ہے اور گرفتاریوں کا یہ سلسلہ جاری ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ تحریک حریت کے تمام ضلعی ، تحصیل و بلاک صدورسمیت سینکڑوں عام کارکنوں اور جماعت اسلامی، مسلم لیگ، لبریشن فرنٹ ،امت اسلامی اور دیگر آزادی پسند تنظیموں کے بیسیوں ہنماؤں کو بھی حراست میں رکھاگیا ہے۔ انہوں نے کہا اگرچہ پبلک سیفٹی ایکٹ کو عالمی سطح پر ظالمانہ قانون اور اس کے استعمال کو انسانی حقوق کی سنگین پامالی قرار دیا گیا ہے لیکن جموں و کشمیر میں اس کا بے دریغ استعمال جاری ہے اور عام شہریوں کو فرضی الزامات لگاکر اس قانون کے تحت حبس بے جا میں رکھا جارہا ہے۔


حریت چئرمین نے کہا کہ بھارتی پولیس نے شہریوں کے خلاف پی ایس اے کے اطلاق کے حوالے سے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں اور ضلع بارہ مولہ میں سب سے زیادہ شہریوں کو اس کالے قانون کے تحت جیل بھیج دیا گیاہیں، جن میں ایک ہی گھر کے کئی کئی افراد شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہائی کورٹ کی طرف سے رہائی کے احکامات کے باوجود نظر بندوں کو رہا نہیں کیاجاتا اور اگر کسی کو رہا کیا بھی جاتا ہے تو اسے جیل کے احاطے سے ہی دوبارہ کسی اور جھوٹے مقدمے میں گرفتار کر لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری قوم عوام نظر بندوں کی عظیم قربانی کو خلوصِ دل کے ساتھ سلام پیش کرتی ہے۔ حریت چیرمین نے ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیاء واچ اور انسانی حقوق کی دیگر بین الاقوامی اور مقامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ کشمیری نظربندوں کی حالتِ زار کا نوٹس لیں اور ان کی فوری رہائی کے لیے بھارتی حکومت پر دباؤ ڈالیں۔سید علی گیلانی نے کورٹ روڑ سرینگر کے متاثرین آتشزدگی کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ انکے دُکھ درد کو محسوس کرتے ہیں اور ان کی پریشانی میں برابر کے شریک ہیں

Share this article

Leave a comment