Saturday, 30 November 2024


رینجرز کواختیارات، افواہوں پر تبصرہ نہیں کروں گا

 

ایمز ٹی وی(کراچی) سنیئرصوبائی وزیر نثاراحمدکھوڑو نے کہاہے کہ حکومت سندھ نےکراچی آپریشن ختم کرنے کا کوئی فیصلہ نہیں کیا ہے ۔ رینجرز کو اختیارات کی فراہمی میں ایک دو روز کی تاخیر کو غلط رنگ نہ دیا جائے ۔ رینجرز نے کراچی سے خوف اور دہشت کا خاتمہ کیاہے ۔سب چاہتے ہیں کہ رینجرز کواختیارات ملنے چاہئیں۔پانامہ لیکس کا معاملہ ابھی عدالت میں ہے مگر کچھ لوگوں کو نواز شریف کو گھر بھیجنے کی جلدی ہے۔ گھر سے بھاگنے والے گمشدہ بچوں کی تلاش بڑی کامیابی اور انسانیت کی خدمت ہے ۔ آج والدین کے لیے خوشی کا دن ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےگزشتہ روز کراچی پریس کلب میں صوبائی وزیر سماجی بہبود شمیم ممتاز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر شمیم ممتاز نے بتایا کہ محکمہ سماجی بہبود نے والدین سے بچھڑے کراچی کے 7بچوں کو پنجاب سے بازیاب کرایا ہے ۔بچوں کی شناخت کے لیے والدین کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو لاہور بھجوایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گمشدہ بچوں کو والدین سے ملانے کے لیے محکمہ چائلڈ پروٹیکشن سندھ کام کررہا ہے ۔ ایک سال میں 35بچوں کو والدین سے ملایا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ گھر سے بھاگے ہوئے بچوں کو والدین سے ملانے کے لیے اقدامات کررہے ہیں ۔ سندھ حکومت اپنے طور پر گھر چھوڑکر بھاگ جانے والے بچوں کیلئے ایک شیلٹر ہوم قائم کررہی ہے۔ وفاقی حکومت چاروں صوبوں میں ایسا نظام وضع کرے کہ گمشدہ یا گھر سے بھاگنے والے بچوں کو ان کے والدین سے ملانا آسان ہو ۔انہوںنے کہا کہ بچوں کی گمشدگی کی اطلاع ون ون ٹو پر دی جائے ۔نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ بچوں کی بازیابی شمیم ممتاز کی جہد مسلسل کا نتیجہ ہے ۔وفاق نے دوہری شہریت رکھنے والے افسر کے خلاف میرے احتجاجی خط پر کان نہیں دہرا تو احتجاج کے دیگر آپشن بھی موجود ہیں ۔نثارکھوڑو نے کہاکہ پانامہ لیکس کا معاملہ ابھی عدالت میں ہے مگر کچھ لوگوں کو نواز شریف کو گھر بھیجنے کی جلدی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ضمنی الیکشن میں حصہ نہ لینے کا آصف زرداری کا فیصلہ ابھی سامنے نہیں آیا افواہوں پر تبصرہ نہیں کروں گا ۔

 

Share this article

Leave a comment