Saturday, 30 November 2024


اساتذہ کے لیے تربیتی ورکشاپ

 

ایمز ٹی وی(تعلیم/ جام شورو) جامعہ سندھ کے شعبہ انگریزی زبان و ادب کی جانب سے ہائیر ایجوکیشن کمیشن، اسلام آباد کے تعاون سے اساتذہ کے لیے یک ہفتہ تربیتی ورکشاپ کی افتتاحی تقریب نیچرل سائنسز فیکلٹی کے ڈین آفس میں واقع ویڈیو کانفرنس روم میں منعقد کی گئی۔ ورکشاپ کا موضوع ”اساتذہ کے انگریزی زبان پڑھانے کے اندازاور صلاحیتوں میں اصلاح“ ہے۔ اس تربیتی ورکشاپ میں سندھ کے مختلف کالجز اور کچھ جامعات کے اساتذہ حصہ لے رہے ہیں۔ جبکہ جامعہ سندھ و دیگر جامعات سے انگریزی زبان کے ماہر اساتذہ تربیت فراہم کریں گے۔ افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے کہا کہ انگریزی زبان میں مہارت کے بغیر علمی و عملی کامیابی کا تصور بھی ناممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ انگریزی زبان سیکھنے اور سکھانے کے عمل کو ترجیحی نقطہ بنانا پڑے گا تاکہ علمی، تحقیقی و پیشہ ورانہ میدان میں مشکلات سے بچا جا سکے علاوہ ازیں شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت نے جامعہ کے انسٹیٹیوٹ آف آرٹ اینڈ ڈیزائن، فیکلٹی آف آرٹس اور بوائز ہاسٹلز کا اچانک دورہ کرکے مختلف انتظامی و تدریسی امور کا جائزہ لیا۔ ڈاکٹر برفت نے اساتذہ، افسران، ملازمین و طلباء سے مختلف مواقع پر ملاقاتوں کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ جامعہ سب کا اجتماعی سرمایہ ہے۔دریں اثناجامعہ سندھ جام شورو کے فار ایسٹ اینڈ ساؤتھ ایسٹ ایشیا ایریا اسٹڈی سینٹر کی اسسٹنٹ پروفیسر نائمہ تبسم کی جانب سے ”پاکستان میں خواتین کی سیاسی، سماجی، ثقافتی و قانونی حیثیت اور صورتحال“ کے موضوع پر تحریر کردہ کتاب کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے ایریا اسٹڈی سینٹر کے لائبریری ہال میں تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے مہمان خصوصی شیخ الجامعہ سندھ پروفیسر ڈاکٹر فتح محمد برفت تھے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر برفت نے خطاب کرتے ہوئے کہا لکھنا اپنے جوہر میں ایک مشکل کام ہے اور خواتین کے موضوع پر لکھنا تو اور بھی زیادہ حساس، ذمہ دارانہ اور مشقت طلب عمل ہے۔ ڈاکٹر نائمہ تبسم نے اس اہم اور نازک موضوع پر قلم اٹھا کر بہت بڑی علمی خدمت کی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment