Friday, 29 November 2024


پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع امامیہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران 3 دھماکے 19 افرا شہید 

ایمز ٹی وی (پشاور) پشاور کے علاقے حیات آباد میں واقع امامیہ مسجد میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے دوران 3 دھماکے ہوئے جس کے نتیجے میں 19 افراد جاں بحق اور 50 سے زائد زخمی ہوگئے جبکہ دھماکے کے بعد نامعلوم افراد کی جانب سے شدید فائرنگ بھی گئی جس سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ دھماکوں کے بعد پولیس اوردیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جبکہ پاک فوج، ایلیٹ فورس اور انسداد دہشتگردی فورس کے اہلکاروں نے بھی موقع پر پہنچ کر پوزیشنیں سنبھال لیں۔ ایس ایس پی آپریشنز نے تصدیق کی ہے کہ مسجد میں دھماکا خود کش تھا اورحملہ آوروں کی تعداد 3 سے 4 تھی جس میں ایک نے مسجد میں داخل ہوکرخود کو دھماکے سے اڑالیا جبکہ مسجد کے صحن سے برآمد ہونے والی ایک خودکش جیکٹ کو ناکارہ بنادیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسجد میں دھماکے کے بعد حملہ آوروں نے فائرنگ کی  تاہم ایک دہشت گرد پولیس مقابلے میں مارا گیا اور ممکنہ طورپر2 روپوش ہونے والے دہشت گردوں کی تلاش جاری ہے۔

دھماکے کی اطلاع ملنے پر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس اسپتال منتقل کردیا جہاں اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکے کے متاثرہ 19 افراد زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسے جبکہ اسپتال میں 50 سے زائد افراد کو لایا گیا ہے۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس انتظامیہ نے اسپتال میں ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے عملے کو طلب کرلیا جبکہ انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ متاثرہ افراد کو خون دینے کے لئے بلڈ کاؤنٹر سے رجوع کریں۔

دوسری جانب پشاور میں موجود چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور وزیراعلی پرویز خٹک اطلاع ملنے پر فوری طور پر جائے وقوعہ پہنچے تو سیکیورٹی اہلکاروں نے انہیں آگے جانے سے روک لیا۔ عینی شاہدین کے مطابق نماز جمعہ کے دوران سلام پھیرتے ہی پولیس وردیوں میں ملبوس دہشتگردوں نے پہلے 2 دستی بم پھینکے جس کے بعد ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا دیا جب کہ دھماکے کے وقت مسجد میں کم و بیش 150 افراد موجود تھے۔

Share this article

Leave a comment