Friday, 29 November 2024


یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر پرویز خٹک کا خصوصی پیغام

 

ایمز ٹی وی(پشاو) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے نہتے کشمیری عوام پر ظلم و تشدد کی بھرپور مذمت کرتے ہوئے کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کی اخلاقی ، سیاسی اور سفارتی سطح پر حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
انہوں نے انسانی حقوق کے بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کو اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیں اور اس سلسلے میں اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل در آمد یقینی بنایا جائے۔
یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر وزیر اعلیٰ پرویز خٹک نے اپنے ایک خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پاکستانی اور کشمیری عوام مذہبی، ثفافتی، تاریخی اور نظریاتی طور پر ایک مضبوط زنجیر میں بندھے ہوئے ہیں
جس کی وجہ سے دونوں خطوں کے عوام کے مابین ہمدردی اور بھائی چارہ کا ایک ناقابل شکن رشتہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ نہتے کشمیریوں کی جانب سے آزادی کی پر امن تحریک انسانی حقوق کے حصول کی ایک لازوال جدوجہد ہے جسے کسی صورت میں دبایا نہیں جا سکتا ہے۔ انہوں نے عالمی طاقتوں پر زور دیا کہ وہ کشمیری عوام کی آزادی کی اس تحریک کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لئے اپنا مثبت کردار ادا کر یں اور بین الاقوامی کمیونٹی کو آزادی کی تحریک اور دہشتگردی کے درمیان فرق کو سمجھنا چاہئے

 

Share this article

Leave a comment