Saturday, 30 November 2024


پی ایس ایل ذاتی جاگیر نہیں، سیاست کو کرکٹ سے الگ رکھیں

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان سپر لیگ میں شرجیل خان اور خالدلطیف پراسپاٹ فکسنگ اسکینڈل کے منظر عام پر آنے کے بعد سیاست دانوں اور سابق کرکٹرز نے توپوں کے رخ غیر ضروری طور پر پی ایس ایل انتظامیہ کی جانب کردیئے ہیں اور انہیں ذمے دار ٹھہرارہے ہیں۔
ان الزامات کے جواب میں چیئر مین پی ایس ایل اور پی سی بی ایگزیکٹیو کمیٹی نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ پاکستان کا اثاثہ ہے اور پاکستان کو پہلے رکھیں۔ اگر سیاست دانوں اور کرکٹرزکی مجھ سے دشمنی اور سیاسی اختلافات ہیں تو اس کےبدلے لیگ کو بدنام نہ کریں ۔
نجم سیٹھی نے کہا کہ یہ لیگ جتنی میری ہے اتنی ہی ہرپاکستانی کی ہے۔ یہ کسی کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔ پاکستان کی عوام چاہتی ہے کہ یہ لیگ کامیاب ہو۔ میں نہیں چاہتا کہ میری تعریف ہو۔ میں چاہتا ہوں کہ ٹورنامنٹ میں اگر کوئی خامی ہے تو اس کی نشاندہی کریں اورہم اسے دور کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کو بہتر بنائیں گے، آپ نے دیکھا کہ افتتاحی تقریب پچھلے سال سے بہتر تھی۔ چند بڑے غیر ملکی اس میں شامل ہوئے۔ لاہور میں فائنل کے لئے تیاریاں مکمل ہیں۔ ٹورنامنٹ کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ایک سیاست دان سے سوال پوچھا گیا کہ پی ایس ایل کیسی ہے۔ تو انہوں نے کہا کہ یہ زبردست ٹورنامنٹ ہے۔ لیکن جب سوال پوچھنے والے نے سیاست دان سے کہا کہ اس کے روح رواں تو نجم سیٹھی ہیں ،تو انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں معلوم اس کے روح رواں نجم سیٹھی ہیں۔ میرا سیاست دانوں کو مشورہ ہے کہ اپنی سیاست کو کرکٹ سے الگ رکھیں۔
 

 

Share this article

Leave a comment