Saturday, 30 November 2024


امریکی ریاستوں میں ٹر مپ کے خلاف مظاہرے جاری

 

ایمز ٹی وی(واشنگٹن) ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امیگریشن کے حوالے سے نیا حکم نامہ زیادہ سخت ہوسکتا ہے تاہم امریکہ آنے والے گرین کارڈ کے حامل افرادکو خوش آمدید کہا جائے گا۔
داخلی سلامتی امور کے امریکی وزیر جان کیلی نے بتایا ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ایگزیکٹو ہدایت کے تحت گرین کارڈ ہولڈرز کو امریکا میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ امریکی صدر اس سلسلے میں ایک سخت اور تفصیلی ہدایات جاری کرنے پر غور کر رہے ہیں۔ گرین کارڈ ہولڈرز کو امریکا میں داخلے کی اجازت دینے کے سوال کا جواب دیتے انہوں نے کہا کہ یہ ایک اچھا خیال ہے اور جہاں تک ویزا کا سوال ہے، اگر وہ امریکا آنے کے لئے تیار ہیں تو انہیں آنے کی اجازت دی جائے گی، جلد ہی اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ اگر کوئی شخص طیارے میں ہے اور یہاں آنا چاہتا ہے تو انہیں ملک میں آنے کی اجازت دی جائے۔
دوسری جانب کئی امریکی ریاستوں میں ٹر مپ کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ نیویارک میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی صدارت کا علامتی جنازہ نکالا گیا،اس موقع پر مظاہرین نے امریکی صدر کے اقدامات کے خلاف نعرے بھی لگائے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 27 جنوری 2017ءکو ایک ایگزیکٹو ہدایت جاری کی تھی جس کے تحت سات ممالک ایران، عراق، لیبیا، سوڈان، صومالیہ، شام اور یمن کے شہریوں کے امریکا میں داخلہ پر 90 دنوں کے لئے عارضی طور پر پابندی لگانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ وہیں شام کی غیر معینہ پابندی کو چھوڑ کر ان ممالک کے پناہ گزینوں کے معاملہ میں یہ پابندی 120 دنوں کے لئے تھی لیکن ایک امریکی جج نے اس حکم کو کالعدم قرار دیدیا تھا جس کے بعد اس کو نافذ کرنے کا عمل فی الحال روک دیا گیا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment