Friday, 29 November 2024


عمران خان نے غیر ملکی کھلاڑیوں کو پھٹیچر قرار دے دیا

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان پہلے ہی پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل لاہور میں کروانے کے خلاف تھے اور اب انھوں نے اپنی توپوں کا رخ ایک مرتبہ پھر پی ایس ایل کی جانب موڑتے ہوئے فائنل میں شریک ہونے والے غیر ملکی کھلاڑیوں کو 'پھٹیچر' کہہ ڈالا۔
عمران خان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ پی ایس ایل فائنل میں شریک غیر ملکی کھلاڑیوں کے حوالے سے بات کرتے نظر آئے۔
عمران خان کا کہنا تھا، 'دو تین کھلاڑیوں نے نہیں آنا تھا، باقی جو 'پھٹیچر' کھلاڑی ہیں، انھوں نے تو ویسے بھی آ جانا تھا، میں تو کسی کے نام بھی نہیں جانتا، جو غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے'۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے پی ایس ایل چیئرمین نجم سیٹھی اور انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے مزید کہا، 'مجھے لگتا ہے یہ ایسے ہی کسی کو پکڑ لے کر آئے، کسی کو افریقا سے لے آئے کسی کو کہیں اور سے، ہمیں نہیں پتہ یہ کون تھے'۔
پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی کی فائنل میں شرکت کے لیے لاہور آمد کو کریڈٹ دینے کے سوال کو بظاہر گول کرتے ہوئے عمران خان نے کہا، 'جس طرح کے غیر ملکی کھلاڑی یہاں آئے، وہ تو یہاں ویسے بھی آجاتے، آپ انھیں پیسے دیں تو وہ ڈومیسٹک کرکٹ کے لیے آجائیں گے، جو بڑے نام ہیں، انھوں نے نہیں آنا تھا اور نہ وہ آئے'۔
یاد رہے کہ گذشتہ ماہ ملک کے مختلف شہروں خصوصاً لاہور کے مال روڈ پر خودکش حملے کے بعد صوبائی دارالحکومت میں پی ایس ایل 2017 کا فائنل مشکل ہوتا نظر آرہا تھا، تاہم پھر کئی اجلاسوں کے بعد بالآخر پنجاب حکومت نے فائنل کے انعقاد کا اعلان کیا، جس کے لیے سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے۔
تاہم فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے غیر ملکی کھلاڑیوں لیوک رائٹ، کیون پیٹرسن اور ٹائمل مل نے لاہور آنے سے انکار کردیا، جس کے بعد دیگر غیر ملکی کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا، جن میں بنگلہ دیش کے انعام الحق، زمبابوے کے شون اروائن اور ایلٹن چیگمبورا، جنوبی افریقا کے مورن وین ویک اور ریاد ایمرت شامل تھے۔
دوسری جانب پی ایس ایل 2 کی فاتح ٹیم پشاور زلمی کے ڈیرن سیمی نے نہ صرف لاہور میں ہونے والے فائنل میں شرکت کی بلکہ فتح کا جشن بھی منایا۔
واضح رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان عمران خان نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کرانے کے فیصلے کو غیر دانشمندانہ قرار دیتے ہوئے اسے بہت بڑا رسک قرار دیا تھا۔
جس کے بعد اس حوالے سے بھی رپورٹس سامنے آئی تھیں کہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم میں شامل انگلینڈ کے کیون پیٹرسن نے فائنل کے لیے لاہور نہ آنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹیم انتظامیہ کو کہا تھا کہ سابق عظیم کھلاڑی اور سیاست دان عمران خان لاہور میں فائنل کی مخالفت کررہے ہیں تو وہ کیسے لاہور جاسکتے ہیں۔
تاہم بعدازاں پیٹرسن نے کہا کہ انھوں نے لاہور نہ جانے کا فیصلہ ٹورنامنٹ سے پہلے کرلیا تھا اور اس کا عمران خان کے بیان سے تعلق نہیں۔
 
 

 

Share this article

Leave a comment