Thursday, 28 November 2024


ایل این جی کی یکم اپریل سے درآمد کیلیے انتظامات مکمل

 

ایمز ٹی وی (بزنس) مائع قدرتی گیس کی درآمد کے لیے فلوٹنگ، اسٹوریج اور ری گیسفکیشن یونٹ (ایف ایس آر یو) دبئی کی بندرگاہ جبل علی سے پاکستانی بندرگاہ پورٹ قاسم روانگی کے لیے تیاری کے آخری مراحل میں پہنچ گیا ہے۔

1لاکھ 50 ہزار 900 کیوبک میٹرایل این جی ذخیرہ اور ری گیسی فکیشن کی صلاحیت کا حامل ’’ایکس کیوزٹ‘‘ نامی بحری جہاز رواں ماہ 7 تاریخ کو پاکستان کے لیے روانہ ہوگا اور 10سے 15مارچ کے درمیان یہ جہاز پورٹ قاسم کی بندرگاہ پر ایل این جی کی درآمد کے لیے تیار کیے گئے جدید ٹرمینل پر لنگر انداز ہوجائے گا، ایکس کیوزٹ نامی بحری جہاز عالمی کمپنی ایکسی لیریٹ انرجی نامی کمپنی کی ملکیت ہے جسے دبئی کی بندرگاہ کے ڈرائی ڈاکس ورلڈ شپ یارڈ میں پاکستان کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔

پاکستان میں ایل این جی کی درآمد کے لیے ٹرمینل تعمیر کرنے والی کمپنی اینگرو ایلنجی کے سی ای او شیخ عمران الحق نے جہاز کے دورے کے اگلے روز خصوصی سیشن میں بتایا کہ کمپنی نے 300روز کی مقررہ مدت میں ایل این جی ٹرمینل کی تعمیر مکمل کرلی ہے جو دنیا میں ٹرمینل کی مختصر مدت میں تیاری کا ریکارڈ ہے، یہ ٹرمینل معیار اور ری گیسی فکیشن کی لاگت کے لحاظ سے بھی خطے میں ایک مثال ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت کی مختلف ملکوں کے سپلائرز کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔

قطر کے ساتھ ایل این جی کی خریداری کے معاہدے کے مسودے پر اتفاق ہوچکا ہے اور اب پاکستان میں پالیسی سطح کے فیصلوں اور ادائیگیوں کے طریقہ کار پر غور جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت نے پہلے سال 200ایم ایم سی ایف گیس درآمد کرنے کا کنٹریکٹ کیا ہے جو یکم اپریل سے شروع ہوجائے گا۔

Share this article

Leave a comment