Friday, 29 November 2024


پی سی بی نے میری آواز کو دبانے کے لیے پریس ریلیز جاری کی

 

ایمز ٹی وی(اسپورٹس) سابق پاکستانی ٹیسٹ کرکٹر سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہریار خان کو قانونی نوٹس بھجوادیا، جس میں کہا گیا ہے کہ بورڈ ان کے خلاف جاری کی گئی حالیہ پریس ریلیز کو واپس لے۔
سابق فاسٹ باؤلر نے کہا کہ 'کرکٹ کے ڈھانچے میں بہتری لانے کے بجائے پی سی بی نے میری آواز کو دبانے کے لیے پریس ریلیز جاری کردی'، ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ 'وہ کرکٹ کی بہتری کے لیے آواز بلند کرتے رہتے ہیں'۔
ریورس سوئنگ کے موجد سرفراز نواز کا کہنا تھا کہ 'پہلے انہوں (پی سی بی) نے میری پینشن روکی اور اس کے بعد میری آواز کو دبانے کی بھی کوششیں کی گئیں، جو مضحکہ خیز ہے، پی سی بی سٹہ مافیا کو بچانے کے لیے مجھے دبانا چاہتی ہے'۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ 'رواں برس کے آغاز میں عدالت نے اپنے فیصلے میں انھیں صرف ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن نجم سیٹھی کے خلاف الزامات عائد کرنے سے روکا تھا، پی سی بی کے خلاف نہیں'۔
سرفراز نواز کا کہنا تھا، 'میں نے بشمول نجم سیٹھی کسی پر بھی جھوٹے الزامات نہیں لگائے، میں سچائی پر یقین رکھتا ہوں اور ہمیشہ سچ بولتا رہوں گا'۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ پی سی بی نے ایک پریس ریلیز میں میڈیا کو خبردار کیا تھا کہ 'سابق ٹیسٹ فاسٹ باؤلر کو میڈیا پر جگہ نہ دی جائے، دوسری صورت میں یہ توہین عدالت کے مترادف ہوگا'۔
اسی پریس ریلیز میں پی سی بی نے مزید کہا کہ 'حکم امتناعی کے باوجود سرفراز نواز نے اپنی زہریلی مہم جاری رکھی ہوئی ہے اور وہ پی سی بی کے خلاف جھوٹے الزامات لگا رہے ہیں'۔
تاہم سرفراز نواز نے عدالتی فیصلے کو بنیاد بناکر قانونی نوٹس میں موقف اختیار کیا کہ عدالت نے واضح طور پر کہا ہے کہ سرفراز نواز کی جانب سے نجم سیٹھی کے خلاف ذاتی حیثیت میں کسی قسم کے جھوٹے الزامات عائد نہیں کیے جائیں گے، جبکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کا اس معاملے سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔
تاہم پی سی بی کے ترجمان امجد بھٹی نے سرفراز نواز کی پینشن کی بندش اور قانونی نوٹس کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
 

 

Share this article

Leave a comment