Friday, 29 November 2024


آن لائن اوبر پرپابندی عائد

ایمزٹی وی(تجارت)یورپی ملک اٹلی کی ایک عدالت نے آن لائن سفری سہولیات فراہم کرنے والی کمپنی اوبر کی سروس کو غیر منصفانہ مقابلہ قرار دیتے ہوئے اس پر پابندی عائد کردی۔ عدالت نے گزشتہ برس دسمبر میں اٹلی ٹیکسی ایسو سی ایشن کی جانب سے جمع کرائی گئی ایک درخواست پر سماعتیں کرنے کے بعد اوبر پر پابندی عائد کی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے اپنی خبر میں بتایا کہ روم کی مقامی عدالت کے جج نے درخواست پر سماعت کے دوران ریمارکس میں اوبر کی جانب سے موبائل ایپس اورجدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو غیر منصفانہ مقابلہ قرار دیا۔ عدالت نے اوبر کو ایپ کے ذریعے سفری سہولیات بند کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اس مقصد کے لیے کسی بھی ایپ یا اسمارٹ فون کے استعمال سمیت کسی شتہار کا سہارا نہ لیا جائے۔ خبر رساں ادارے کے مطابق عدالتی احکامات کے بعد اٹلی بھر میں اوبر کی سروس بند ہوگئی۔ دوسری جانب اٹلی کے مقامی خبر رساں ادارے نے بتایا کہ اوبر نے عدالتی فیصلے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے کا اعلان کیا۔ اوبر نے اپنے بیان میں کہا کہ اٹلی میں ایپس اور اسمارٹ فونز کے ذریعے کئی ہوٹلز اور دیگر کمپنیاں بھی سہولتیں فراہم کر رہی ہیں، مگر ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوتی۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جرمنی اور ڈینمارک سمیت یورپ کے دیگر ممالک میں بھی اوبر کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی گئی تھی، جس کے بعد آن لائن ٹیکسی سروس فراہم کرنے والی کمپنے نے یورپ کے کئی شہروں میں اپنی سروس محدود کردی تھی۔ علاوہ ازیں اوبر کو تائیوان سمیت دیگر ممالک میں بھی قانونی چارہ جوئیوں کا سامنا ہے۔ پاکستان میں بھی کمپنی کو مشکلات کا سامنا ہے، تاہم ابھی تک پاکستان میں ان کے خلاف کوئی قانونی چارہ جوئی نہیں کی گئی۔

 

 

Share this article

Leave a comment