Saturday, 30 November 2024


فیس بک کا ساتواں ایڈوانس ٹیکنالوجی کا حامل ڈیٹا سینٹرقائم

 

ایمز ٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک) دنیا کی سب سے بڑی سوشل ویب سائٹ فیس بک نے ٹریفک بڑھ جانے اور ممکنہ طور پر سسٹم کی رفتار سست ہونے کی وجہ سے نیا ڈیٹا سینٹر تیار کرلیا۔
خیال رہے کہ فیس بک کی جانب سے قائم کیے گئے اس نئے ڈیٹا سینٹر سے قبل بھی کمپنی کے 6 ڈیٹا سینٹر کام کر رہے ہیں، جو امریکا اور یورپ کے مختلف مقامات پر واقع ہیں۔
فیس بک نے اپنا ساتواں ایڈوانس ٹیکنالوجی کا حامل ڈیٹا سینٹر جنوب مغربی امریکی ریاست نیو میکسیکو کے چھوٹے سے قصبے لوس لناس میں کھولا ہے۔
فیس بک کے مطابق اس ڈیٹا سینٹر کو 2018 میں آن لائن کردیا جائے گا، اس ڈیٹا سینٹر کے قیام کے بعد صارفین کو فیس بک کے استعمال میں سست رفتاری کی شکایت نہیں ہوگی۔
فیس بک کے مطابق لوس لناس میں بنائے گئے اس ڈیٹا سینٹر کو ایکسپریس بیک بون (ای بی بی) کا نام دیا گیا ہے۔
فیس بک کے مطابق ڈیٹا سینٹر کو ایک سال سے بھی کم عرصے میں تیار کیا گیا، اس سینٹر کو 100 فیصد پاور اور انرجی بیک اپ فراہم کیا گیا ہے۔
فیس بک نے اپنی آن لائن پوسٹ میں بتایا کہ ویب سائٹ پر ویڈیوز اور تصاویر کی زیادہ سے زیادہ شیئرنگ سمیت دیگر مواد کی پوسٹنگ کے باعث ٹریفک کے تکنیکی مسائل پیدا ہو رہے تھے، جس کی وجہ سے نئے ایڈوانس ڈیٹا سینٹر کی ضرورت تھی۔
فیس بک انتظامیہ نے دعویٰ کیا کہ اس سینٹر کے کام کرنے کے بعد فیس بک کی اسپیڈ مزید بہتر ہوگی اور صارفین آسانی سے، ویڈیوز، تصاویر اور دیگر ڈیٹا شیئر کر سکیں گے۔

 

Share this article

Leave a comment