Thursday, 28 November 2024


پولیس اہلکاروں پردہشت گردوں کا حملہ

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ) کوئٹہ کے نواحی علاقے میں ایس پی کے قافلے پر فائرنگ سے ایس پی قائد آباد سمیت 4 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ ایک ہفتے کے دوران بلوچستان میں پولیس افسران پر حملے کا یہ دوسرا بڑا واقعہ ہے۔ 10 جولائی کو بلوچستان کے شہر چمن میں ڈی پی او چمن ایس ایس پی ساجد خان مہمند کو نشانہ بنایا گیا اور بوغرا روڈ پر ہونے والے خودکش حملے میں ایس ایس پی ساجد خان محافظ سمیت شہید ہوگئے تھے۔ پولیس کے مطابق ایس پی قائد آباد مبارک شاہ جمعرات کو صبح 11 بجے کے قریب گھر سے دفتر جانے کے لیے نکلے تھے کہ اس دوران کلی دیبہ کے علاقے میں پہلے سے گھات لگائے ملزمان نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کیا جہاں ایس پی اور 3 پولیس اہلکار جانبر نہ ہوسکے جب کہ ایس پی کے گن مین کی حالت بھی تشویشناک ہے۔ ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے بھی ایس پی قائد آباد مبارک شاہ سمیت 4 پولیس اہلکاروں کی شہادت کی تصدیق کردی ہے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار جائے وقوعہ پہنچ گئے اور شواہد اکٹھا کرنا شروع کردیئے گئے ہیں۔ جب کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے قریبی علاقوں میں سرچ آپریشن بھی شروع کردیا گیا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment

comment1