Thursday, 28 November 2024


انسانی جسم کی حرارت سے تیار ہونے والے آلات

 

ایمز ٹی وی ( ٹیکنالوجی )آج کل کے جدید دور میں جتنی الیکٹرانک اسمارٹ چیزیں سامنے آ رہی ہیں، اتنا ہی ان میں توانائی کے استعمال پر بحث کیا جا رہا ہے۔ کئی اسمارٹ فونز اور دیگر بیٹری پر چلنے والے آلات تیار کرنے والی کمپنیاں اس کوشش میں مصروف ہیں کہ وہ اپنے صارفین کو ایسی طاقتور ترین بیٹری والی چیز فراہم کریں جسے بار بار چارج کرنا نہ پڑے۔ تاہم اب تک بڑی بڑی ٹیکنالوجی کمپنیاں بھی اس معاملے میں ناکام دکھائی دیتی ہیں۔ آنے والے چند سال میں جہاں اسمارٹ الیکٹرانک آلات تیار کرنے والی کمپنیاں فرینڈلی چارج آلات پیش کرنے میں کامیاب ہوجائیں گی، وہیں میڈیکل سائنس ان سے بھی آگے نکل چکی ہوگی۔ کیوں کہ میڈیکل سائنسدان اس وقت ایسی اسمارٹ، چھوٹی ترین اور ویئر ایبل ڈیوائسز تیار کرنے میں مصروف ہیں، جو نہ صرف انسانی جسم میں موجود حرارت اور توانائی سے چارج ہوں گی، بلکہ وہ انسان کو صحت مند بھی رکھیں گی۔ اس کا مطلب یہ ہوا کہ مستقبل میں ہر کسی کے بازو میں خوبصورت واچ صرف ٹائم دکھانے تک محدود نہیں رہے گی، بلکہ وہ خود بخود انسان کے جسم سے توانائی حاصل کرکے چارج ہونے سمیت انسان کی صحت کا ریکارڈ بھی اپنے پاس رکھے گی، جس سے کئی بیماریوں کا پہلے ہی پتہ لگا لیا جائے گا۔ امریکا کے نیشنل سائنس فاؤنڈیشن ادارے کی امداد سے کھولے گئے ادارہ ایڈوانس سیلف پاورڈ سسٹمز آف انٹی گریٹڈ سینسرزاینڈ ٹیکنالوجیز (اے ایس ایس آئی ایس ٹی) کی جانب سے ایسی اسمارٹ ڈیوائسز کی تیاری کا عمل جاری ہے، جو انسانی جسم میں موجود توانائی سے چارج ہوکر اس کی اپنی صحت سے متعلق کام کریں گی۔ اس ادارے کو امریکا کی بڑی یونیورسٹیز، میڈیکل سائنس و ٹیکنالوجی کے اداروں سمیت دیگر عالمی اداروں کی مدد و امداد بھی حاصل ہے۔ مزید پڑھیں: انسانی جسم کے اندر کتنا خون ہوتا ہے؟ اے ایس ایس آئی ایس ٹی کی جانب سے نینو ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے ایسی ویئر ایبل ڈیوائسز تیار کی جا رہی ہیں، جو کسی واچ، کسی موبائل سم، کسی کنگن اور فیشن ایبل ہلکے پٹے کی طرح ہوں گی، جو انسانی جسم کی گرمائش، چہل قدمی اور سانس سے چارج ہوں گی۔ ادارہ ایسی نینو ڈوائسز بھی تیار کر رہا ہے، جو ماحولیاتی آلودگی، دھوئیں، ہوا میں موجود نمی اور دیگر ماحول دشمن چیزوں اور گیسز سے توانائی حاصل کرکے انسانی صحت کے لیے مدد کا کام کریں گی۔ ایسی نینو ڈیوائسز میں سے کچھ ڈیوائسز میڈیکل آلات ہوں گی، جو جب تک انسانی جسم میں رہیں گی، اس کی صحت کے لیے کام کرتی رہیں گی،جب کہ کچھ ڈیوائسز انسانی جسم پر ماحول اور آلودگی کے پڑنے والے اثرات اور ممکنہ طور پر پید اہونے والی بیماریوں اور خطرات سے آگاہ رکھیں گی۔ نارتھ کیرولینا اسٹیٹ یونیورسٹی کے تحت کام کرنے والے اس خصوصی ادارے کے سائنسدان بہت زیادہ توانائی، درمیانے درجے کی توانائی اور بہت ہی کم درجے کی توانائی سے چارج ہونے والے ویئر ایبل نینو آلات تیار کریں گے، جو نہ صرف انسانی صحت کے لیے مددگار ہوں گے، بلکہ وہ ماحول دوست بھی ہوں گے۔ ادارے سے منسلک ماہرین کے مطابق انہیں ایسے آلات تیار کرنے میں مزید چند سال لگیں گے، تاہم ابتدائی طور پر تین سال بعد وہ کچھ نینو ڈیوائسز مارکیٹ میں فروخت کے لیے پیش کردیں گے۔

 

 

Share this article

Leave a comment

comments2