Thursday, 28 November 2024


بلوچستان کے لیے 10سالہ پیکج تیار کرنے کی ہدایت

 

ایمزٹی وی(کوئٹہ)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے بلوچستان کے لیے 10 سالہ پیکج تیار کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ترقیاتی منصوبوں کے لیے آدھے وسائل وفاق فراہم کرے گا۔
زرائع کے مطابق کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے حکام کو بلوچستان کے لیے 10سالہ پیکج تیار کرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کے لیے آئندہ 10 برسوں کا ترقیاتی پیکج تیار کیا جائے جس میں گیس، بجلی اور پانی کی اسکیموں پر کام کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ صوبے کے ہر ضلع میں ایل پی جی پلانٹ لگ رہا ہے، ہر ضلع میں اسکولوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ گیس، بجلی اور پینے کے پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا، ترقیاتی پیکیج کا آدھا فنڈ وفاق اورآدھا فنڈ صوبائی حکومت دے گی اور کوشش ہوگی ہر دوسرے ماہ کوئٹہ آکر اس عمل کا جائزہ لیا جائے۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ حکمرانی آئین کے مطابق ہوتی ہے اور قانون کی بالا دستی ہونی چاہیے اس طرح جمہوریت چلتی رہے گی، حکومت جون 2018 میں مدت پوری کرے گی۔
قبل ازیں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی وفاقی وزیر دوستین خان ڈومکی اور قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ کے ہمراہ کوئٹہ پہنچے جہاں ان سے گورنر محمد خان اچکزئی اور وزیراعلیٰ ثناء اللہ زہری نے ملاقات کی، جس کے بعد وزیر اعظم نے اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کی۔ اس کے علاوہ شاہد خاقان عباسی سے صوبائی کابینہ کے ارکان کے علاوہ دیگر اکابرین اور ہزارہ برادری کے وفد نے بھی الگ الگ ملاقاتیں کیں۔

 

Share this article

Leave a comment