Friday, 29 November 2024


خادمِ اعلیٰ کا ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے مریضوں کو ادویات گھر پہنچانے کا اعلان

 

ایمز ٹی وی (صحت) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہیپاٹائٹس اور ٹی بی کے مریضوں کو مفت ادویات ان کی دہلیز پر مہیا کی جارہی ہیں، جون 2018ء تک ہیپاٹائٹس کے 1 لاکھ مریضوں کو انکے گھروں پر ادویات کی فراہمی کا ہدف پورا کرینگے۔ جدید اصلاحات اوراربوں روپے کے وسائل کی فراہمی کے باعث صوبے میں صحت عامہ کی سہولتوں میں بہتری آئی ہے، اب عام آدمی کو بھی وہی ادویات مل رہی ہیں جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے ۔وہ ویڈ یولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔

اجلاس میں شعبہ صحت میں جاری اصلاحاتی پروگرام پر عملدر آمد اور ہیلتھ پراجیکٹس پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔ وزیر اعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹی بی کنٹرول پروگرام کے تحت 5 ہزار مریضوں کو مفت ادویات انکے گھروں پر مہیا کی جاچکی ہیں اور مریضوں کو معیاری ادویات کی انکے گھروں میں فراہمی پنجاب حکومت کا ایک تاریخی اقدام ہے۔ملک کی 70سالہ تاریخ میں پہلے کبھی مریضوں کو پارسل کے ذریعے ان کے گھروں میں ادویات فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ اضلاع میں جدید ہیپاٹائٹس فلٹرکلینکس کے قیام کے پروگرام کو بھی تیزی سے آگے بڑھایا جارہا ہے اور تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال کی سطح پر 60چھوٹے ہیپاٹائٹس کلینکس فنکشنل کیے گئے ہیں ۔

وزیرا علیٰ نے کہا کہ قصور،بھکر،لیہ،وہاڑی اورمیانوالی کے ہسپتالوں میں سی ٹی سکین مشینیں پہنچ چکی ہیں اور سی ٹی سکین مشینوں کی تنصیب سے لوگوں کو 24گھنٹے سی ٹی سکین کی سہولت ملے گی۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ادویات کی خریداری ،ترسیل اور فراہمی کا ڈیجیٹل نظام بنایاگیا ہے اور اب عام آدمی کو بھی وہی ادویات مل رہی ہیں جو اشرافیہ استعمال کرتی ہے ۔وزیراعلیٰ سے ترک سفیر صادق بابر گرگن نے الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پر کہاکہ پاکستان اور ترکی کے مابین برادرانہ دوستی کا سفر تاریخی ،مذہبی اور ثقافتی رشتوں میں بندھا ہو اہے - پاکستان اور ترکی باہمی احترام ، محبت اور پیار کے لازوال رشتے میں بندھے ہوئے ہیں - ترکی نے ہر مشکل حالات میں پاکستان کا ہاتھ تھام کر سچے دوست کا ثبوت دیاہے اور سیاسی اور سفارتی سطح پر بھی ترکی پاکستان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا رہاہے -

انہوں نے کہاکہ ترکی کی کئی سرمایہ کار کمپنیاں پنجاب میں کام کر رہی ہیں۔ پنجاب میں ہائوسنگ، انفراسٹرکچر، صحت، ووکیشنل ٹریننگ اوردیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجودہیں۔ علاوہ ازیں شہباز شریف نےبچوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ بچے کسی بھی قوم کا قیمتی سرمایہ اور مستقبل ہوتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بچوں کے حقوق کا عالمی دن منانے کا مقصددنیا بھر میں بچوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے آگاہی پیدا کرنا کرنا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment