ایمزٹی وی(کوئٹہ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوئٹہ پہنچ گئے جہاں وہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کے خلاف تحریک اعتماد کو ناکام بنانے کی کوشش کریں گے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کے خلاف بغاوت کو کچلنے کے لیے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کوئٹہ پہنچ گئے ہیں جہاں وہ سیاسی صورتحال کا جائزہ لیں گے جب کہ تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کل منگل کو بلوچستان اسمبلی میں ہوگی۔
وزیراعظم کوئٹہ میں سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین محمود اچکزئی سمیت اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم کی کوئٹہ میں جمعیت علمائے اسلام ف کے وفد سے ملاقات بھی ہوسکتی ہے۔ شاہد خاقان عباسی اتحادیوں سے ملاقات میں تحریک عدم اعتماد ناکام بنانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثنااللہ زہری کو تحریک عدم اعتماد کا سامنا ہے۔ انہیں گزشتہ روز ایک اور دھچکا لگا کیونکہ ق لیگ کے وزیر شیخ جعفر مندوخیل بھی مستعفی ہوگئے جس کے بعد مستعفی وزرا و مشیروں کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔
تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کل منگل کو بلوچستان اسمبلی میں ہوگی، جب کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ بعض قوتیں سینیٹ الیکشن رکوانے کے لیے سازشوں میں مصروف ہیں۔ مسلم لیگ (ق) کے رہنما عبدالقدوس بزنجو نے دعویٰ کیا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں شامل اراکین اسمبلی کی تعداد 40 تک جا پہنچی ہے۔