ایمز ٹی وی(فیصل آباد) فیصل آباد میں عبداللہ پل پر واقع میونسپل ڈگری کالج تاریخی اہمیت کا حامل ہے۔ عبداللہ پور فیصل آباد میں واقع میونسپل ڈگری کالج کی تاریخ ایک صدی سے زیادہ پرانی ہے۔25 دسمبر 1908ءمیں اس وقت کے رئیس سردار جے وند سنگھ نے خالصہ سکول کیلئے اپنی ذاتی ملکیت سے 119 کنال اراضی وقف کی تھی۔ اس اسکول کی بنیاد سکھوں کے مذہبی رہنما عطار سنگھ نے رکھی۔ یہ درس گاہ آج بھی قدیم طرز تعمیر کا شاہکار ہے۔ اگست 1947ءمیں تقسیم ہند کے موقع پر اس کالج میں مسلمانوں کیلئے مہاجر کیمپ بنایا گیا تھا جہاں قیام پذیر مہاجروں کا تعلق بھارتی پنجاب کے اضلاع جالندھر، لدھیانہ اور امرتسر سے تھا۔ کالج میں تین نئے بلاک تعمیر ہو چکے ہیں تو پرانی عمارت بوسیدہ ہو رہی ہے۔ کالج ہاسٹل کی عمارت کا ایک حصہ مخدوش قرار دیکر بند کروا دیا گیا۔ کالج میں 12 پرانے کمروں، لیکچر تھیٹر،لیب اور ہال سمیت کل 60 کمرے موجود ہیں۔ ادارے کی بنیاد رکھنے والے سمیت تعینات رہنے والے تمام پرنسپلز کی تصاویر آج بھی موجود ہیں۔ تاریخ کے پنوں میں نظر دوڑائیں تو ماضی کے خالصہ ہائی اسکول اور حال کے میونسپل ڈگری کالج کو تاریخی اہمیت حاصل ہے لیکن نا مناسب دیکھ بھال اس ثقافتی ورثے کو ملیا میٹ کر دے گا۔