Friday, 29 November 2024


سینیٹ انتخابات میں ووٹ خریدے گئے

 

ایمزٹی وی(اسلام آباد)سابق وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ سینیٹ انتخابات میں جہاں پیسہ چلا اور ووٹ خریدے گئے اس کا حساب کتاب ہونا چاہیے۔
احتساب عدالت میں مختصر پیشی کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ جس کا ایک رکن بھی صوبے میں نہ ہو وہاں امیدوار کھڑا کرے، یہیں سے دھاندلی لگتی ہے جب کہ ہمارے سینیٹرز نے نشان کے بغیر الیکشن لڑا ۔
نواز شریف نے کہا کہ سینیٹ الیکشن میں پیسے کے کھیل کو دفن کرنا چاہتے ہیں، اس بارسینیٹ میں کھلے عام سب کچھ ہوا، کسی پارٹی کو حق نہیں پہنچتا کہ صوبے میں ایک رکن نہ ہو اور وہ سینیٹ کے لیے امیدوار کھڑے کردے۔
نواز شریف نے کہا کہ ہمارے امیدواروں سے شیر کا نشان بھی چھین لیا گیا، سرگودھا کا ضمنی الیکشن مخالفین کی آنکھیں کھولنے کے لیے کافی ہے اور کیا نشان چھینے سے یہ ہمارا نشان مٹا دیں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ تم جتنا ظلم کرو گے، عوام اتنا ہی مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیں گے، عوام محسوس کررہے ہیں کہ مسلم لیگ (ن) کا مؤقف بالکل صحیح ہے اور اب میں نہیں کہتا، عوام کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو۔
نواز شریف نے کہا کہ کیا عوام کے ووٹوں کی یہ عزت ہے کہ منتخب وزیراعظم کو جوتی کی نوک پر باہر نکال دیا جائے،پاکستانی عوام اب سکھا شاہی برداشت کرنے کے لیے تیار نہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جو ظلم برداشت کرتا رہتا ہے اور ظلم کے خلاف کھڑا نہیں ہوتا، وہ سب سے بڑا ظالم ہے، ہم نے غلط اور صحیح میں تفریق کرنا ہے، ملک کے آئندہ 70 سال پچھلے 70 سالوں کی طرح نہیں گزرنے چاہئیں۔

 

Share this article

Leave a comment