Friday, 29 November 2024


" تلسی" کے پتے شفا خزانہ

 

ایمزٹی وی(صحت)تلسی کو انگریزی میں ’بیسل‘ کہتے ہیں اور اس کا پودا ہزاروں سال سے پاک و ہند میں استعمال ہورہا ہے لیکن ہم کبھی نہیں سوچتے کہ تلسی میں شفا اور صحت کے حیرت انگیز خزانے موجود ہیں۔
اس پودے کی افادیت دیکھتے ہوئے پوری دنیا میں اس پر کئی ماہرین نے دن رات تحقیق کی ہے ۔ جیسے جیسے ماہرین نے اس کے رازوں سے پردہ اٹھانا شروع کیا ہے اسی کے ساتھ ساتھ اس کے حیرت انگیز طبی فوائد سامنے آتے رہے ہیں۔ تلسی میں وٹامن، معدنیات، کیلشیئم، وٹامن کے، کینسر سے لڑنے والے اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش سے بچانے والے بی ٹا کیریو فائلین اور دیگر قدرتی اجزا کوٹ کوٹ کر بھرے ہوتے ہیں۔ یہ سب چیزیں صحت کے لیے کسی شفا خانے سے کم نہیں۔
تلسی کی سب سے اچھی بات یہ ہے کہ یہ جسمانی ڈی این اے کو بہتر حالت میں رکھتا ہے جن کا بگاڑ معلوم اور نامعلوم کتنے ہی امراض کی وجہ بنتا ہے۔ حال ہی میں دریافت ہوا ہے کہ تلسی کے پتے جینیاتی نقائص کو دور کرکے ڈی این اے کو صحت مند حالت میں رکھتے ہیں۔
ہمارا ڈی این اے زندگی کی کتاب بھی ہے اور زندگی کی کتاب ہدایت بھی ہے۔ اگر ڈی این اے میں ٹوٹ پھوٹ ہو تو پھر امراض اور پیچیدگیوں کا ایک سلسلہ شروع ہوجاتا ہے۔ ڈی این اے سے متاثرہ جسم میں فری ریڈیکلز بننے لگتے ہیں تاہم تلسی میں موجود فلیوو نوئیڈز اور اینٹی آکسیڈنٹس ڈی این اے کی حفاظت کرتے ہیں۔
تلسی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس کا خزانہ دل کی حفاظت کرتا ہے۔ حال ہی میں ایک تحقیقی جرنل میں شائع ہونے والی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تلسی کا پتہ کولیسٹرول کم کرتا ہے۔ چینی ماہرین نے یہ خبر بھی دی ہے کہ تلسی کے پتے بڑھتے ہوئے بلڈ پریشر کو کم کرنے میں بہت مفید ثابت ہوسکتے ہیں
تلسی میں اینٹی بیکٹیریا خواص موجود ہیں جو کئی اقسام کے جراثیم کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اس کا تیل بھی کئی جراثیم کو ختم کرنے کی حیرت انگیز صلاحیت رکھتا ہے۔تلسی پھیپھڑوں کو متاثر کرنے والے جراثیم کا قلع قمع کرتا ہے۔ علاوہ ازیں اس کے نشانے پر بیسیلس سیریئس، اسٹائفلو کوکس اوریئس اور دیگر بیکٹیریا بھی ہیں جنہیں یہ ختم کر ڈالتا ہے۔

 

 

Share this article

Leave a comment