Friday, 29 November 2024


عالمی کرکٹرز کا پاکستان آنےسے انکار

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)انگلش کرکٹرز نے رنگ میں بھنگ ڈالتے ہوئے پاکستان میں پی ایس ایل میچز کھیلنے سے صاف انکار کردیا، ایون مورگن اور الیکس ہیلزنے یو اے ای میں ٹیموں کو جوائن کرنے سے قبل ہی اپنا پیغام دے دیا تھا، جیسن روئے اور سیم بلنگز بھی ناک آؤٹ راؤنڈ میں اپنی ٹیموں کا ساتھ دینے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتے۔
ذرائع کے مطابق محدود اوورز کے انگلش کپتان ایون مورگن اور جیسن روئے اپنی پی ایس ایل ٹیموں کو دبئی میں جوائن کر چکے، بیٹسمین الیکس ہیلز بھی نیوزی لینڈ سے یو اے ای روانہ ہوچکے ہیں، مورگن اور ہیلز نے پہلے ہی واضح کردیا کہ اگر ان کی ٹیمیں ناک آؤٹ راؤنڈ میں پہنچیں بھی تو وہ پاکستان میں میچز کھیلنے کے لیے نہیں جائیں گے۔ مورگن کراچی کنگز اور روئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز میں شامل ہیں،الیکس ہیلز کی خدمات اسلام آباد یونائیٹڈ نے حاصل کی تھیں۔
2016 میں ایون مورگن سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر دورہ بنگلہ دیش سے بھی دستبردار ہوگئے تھے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ پی ایس ایل کا گروپ مرحلہ ویسے ہی جمعے کو ختم ہوجائے گا جب کہ دیگر انگلش کرکٹرز سیم بلنگز اور ایلکس ہیلز بھی فیصلہ لے چکے کہ اپنی ٹیموں کی ناک آؤٹ میں پہنچنے کی صورت میں پاکستان نہیں جائیں گے،اس طرح پلے آف میچز میں اسلام آباد یونائیٹڈ کو کم سے کم 2غیرملکی کرکٹرز الیکس ہیلز اور سیم بلنگز کی خدمات حاصل نہیں ہوگی،کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی کیون پیٹرسن کے بعد جیسن روئے کی خدمات سے محروم رہے گی۔
واضح رہے کہ گزشتہ سیزن میں بھی پیٹرسن سمیت غیرملکی کرکٹرز کے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کا نتیجہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پشاورزلمی کے ہاتھوں شکست کی صورت میں برداشت کرنا پڑا تھا۔

 

Share this article

Leave a comment