Friday, 29 November 2024


انتہاپسندی اور دہشت گردی پر قابو پانےکے لئے نیا فیچر متعارف

 

ایمزٹی وی(مانیٹرنگ ڈیسک)نیشنل کاؤنٹر ٹیرارزم اتھارٹی (نیکٹا) کی موبائل ایپ 'چوکس' متعارف کروا دی گئی، جس کی مدد سے عوام مذہبی منافرت اور شدت پسندی پر مبنی تقاریر سے حکام کو آگاہ کرسکیں گے۔
وزیرداخلہ احسن اقبال نے نیکٹا ہیڈ کوارٹرز کی نئی عمارت میں اندرونی سلامتی سے متعلق اجلاس کی صدارت کے دوران نیکٹا کی موبائل فون ایپلیکیشن 'چوکس' کا افتتاح کیا، جس سے عوام کی شکایات اور اہم معلومات کا نیکٹا سے تبادلہ ہوسکے گا اور انتہاپسندی اور دہشت گردی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ افسران عوام کی شکایات پر بروقت کارروائی کریں تاکہ ایپلیکیشن کی افادیت برقرار رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ چوکس ایپلیکیشن سے پاکستان کو محفوظ بنانے میں مدد ملے گی۔
چوکس ایپ کیسے کام کرتی ہے؟
اس ایپ کو گوگل پلے اسٹور سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔
موبائل فون میں انسٹال کرنے کے بعد اس ایپ میں صارف کو اپنے ملک، شہر کا نام اور موبائل فون نمبر درج کروا کے خود کو رجسٹر کروانا ہوگا۔
اس کے علاوہ آپ اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹ مثلاً فیس بک یا ٹوئٹر کے ذریعے بھی لاگ اِن کرسکتے ہیں۔
خود کو رجسٹر کروانے کے بعد یہ ایپ آپ کو سہولت فراہم کرے گی کہ آپ کسی بھی نفرت انگیز یا شدت پسندی پر مبنی تصویر، بیان، ویڈیو یا آڈیو کو رپورٹ کرسکیں۔
دوسری جانب صارفین ایپ میں موجود ہسٹری کے آپشن کی مدد سے اپنی شکایت کے اسٹیٹس کے بارے میں بھی جان سکیں گے کہ اس پر اب تک کیا کارروائی ہوسکی ہے۔

 

Share this article

Leave a comment