Friday, 29 November 2024


’اسٹاک مارکیٹ ‘ کاروباری ہفتے کے آغاز میں 113 پوائنٹس کا اضافہ

 

ایمز ٹی وی (تجارت)پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا آغاز مثبت انداز میں ہوا جہاں کے ایس ای-100 انڈیکس 113 پوائنٹس کے اضافے کے بعد 45 ہزار 372 پر بند ہوا۔پی ایس ایکس میں جب کاروباری ہفتے کے پہلے روز کا آغاز مندی سے ہوا اورانڈیکس ابتدائی گھنٹوں میں دن کی نچلی سطح 45 ہزار 192 پوائنٹس پر پہنچ گیا تاہم فوری بعد مثبت رجحان دیکھا گیا۔

مارکیٹ میں مثبت رجحان کا آغاز ہوا اور یہ سلسلہ دن بھر جاری رہا اور انڈیکس دن کے اختتام سے چند لمحے قبل 45 ہزار 453 پوائنٹس کی بلند سطح تک پہنچ گیا۔

پی ایس ایکس میں 5 ارب 40 کروڑ مالیت کے 11 کروڑ 26 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی۔مارکیٹ میں مجموعی طور پر 349 کمپنیوں کا کاروبار ہوا جن میں سے 174 کے لین دین میں اضافہ، 158 کے کاروبار میں تنزلی جبکہ 17 کمپنیوں کے کاروبار میں استحکام رہا۔کاروبار میں کیمیکل کا شعبہ نمایاں رہا جس کے ایک کروڑ 53 لاکھ حصص کی لین دین ہوئی، تیل اور گیس مارکیٹنگ کمپنیاں ایک کروڑ 34 لاکھ کے کاروبار کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہیں۔کمپنیوں کے انفرادی کاروبار میں یونٹی فوڈز لمیٹڈ ایک کروڑ 11 لاکھ حصص، سوئی سدرن گیس کمپنی لمیٹڈ ایک کروڑ 7 لاکھ حصص اور لوٹے کیمیکل پاکستان لمیٹڈ 76 لاکھ حصص کے ساتھ بالترتیب پہلے، دوسرے اور تیسرے نمبر پر رہیں۔مارکیٹ میں 5 نمایاں کمپنیوں میں فوجی فوڈز لمیٹڈ 75 لاکھ حصص کے کاروبار کے ساتھ چوتھے اور کے الیکٹرک 47 لاکھ حصص کے لین دین کے ساتھ پانچویں نمبر پر نمایاں کمپنی رہی۔

 

Share this article

Leave a comment