Friday, 29 November 2024


فاٹا اصلاحات کی منظوری

ایمزٹی وی(اسلام آباد)خیبرپختونخوا اسمبلی میں آج خصوصی اجلاس آج ہوگاجس میں وفاق کے زیر انتظام قبائلی علاقہ جات (فاٹا) اصلاحات بل کی منظوری دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق آج خیبرپختونخوا اسمبلی کا خصوصی اجلاس ہورہا ہے جس میں فاٹا اصلاحات بل کی منظوری دے دی جائے گی جبکہ مالاکنڈ سے ارکان اسمبلی پاٹا کی حیثیت ختم کرنے پر بل کی توثیق سے پیچھے ہٹ گئے ہیں فاٹا کو ٹیکسوں سے استثنیٰ ملنے کی صورت میں حمایت کا اعلان کیا ہے۔
خیبرپختونخوا اسمبلی کا خصوصی اجلاس آج سہ پہر 2 بجے ہوگا جو موجودہ اسمبلی کا آئینی مدت پوری ہونے پر اختتامی اجلاس ہوگا۔ فاٹا اصلاحات بل کی حمایت کرنے والی جماعتوں نے تمام ارکان کو اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں فاٹا اصلاحاتی بل کی منظوری بھی دی جائے گی۔ فاٹا اصلاحاتی بل میں پاٹا کو ختم کرنے پر مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی نے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے اور آج ہونے والے اجلاس میں اصلاحاتی بل کی مشروط حمایت کا اعلان کیا ہے۔ اسپیکرخیبرپختونخوااسمبلی اسد قیصرنے اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے رابطہ کرتے ہوئے مسئلے کے فوری حل کا مطالبہ کیا ہے۔
اجلاس میں مالاکنڈ سے ارکان اسمبلی کی جانب سے پاٹا کی حیثیت ختم کرنے پر قرارداد بھی پیش کی جائے گی۔
دوسری جانب فاٹا اصلاحاتی بل کے خلاف جے یوآئی نےاسمبلی کے گھیراؤ کا بھی اعلان کیا ہے اور آج اجلاس کے وقت اسمبلی کے سامنے مظاہرہ کیا جائے گا۔
 

Share this article

Leave a comment