Friday, 29 November 2024


آخری بار ہاکی چیمپئنزٹرافی کا میدان آج سجے گا

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)37 ویں چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کا آغاز آج سے نیدرلینڈ کے شہر بریڈا میں ہونے جارہا ہے، جہاں اوپننگ میچ میں پاکستان اور بھارت مدمقابل آئیں گے۔
اس ایونٹ کی سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہ آخری چیمپیئنز ٹرافی ہے، جس کے بعد اس ایونٹ کا سلسلہ ختم ہو جائے گا اور 2019 سے اس کی جگہ ہاکی پرو لیگ (ایچ پی ایل) شروع کی جائے گی۔
یکم جولائی تک جاری رہنے والے اس ٹورنامنٹ میں 6 ٹیمیں شریک ہیں، جن میں عالمی چیمپئین آسٹریلیا، اولمپک چیمپئین ارجنٹینا اور میزبان ہالینڈ کے علاوہ بیلجیئم، بھارت اور پاکستان شامل ہیں۔
بیلجیئم، بھارت اور پاکستان کو انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کی دعوت پر ٹورنامنٹ میں شامل کیا گیا ہے۔ پاکستان اور بھارت کا میچ پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق شام 5 بجے شروع ہوگا۔
بھارت نے اس سے قبل کوئی چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ نہیں جیتا ہے، تاہم پاکستان 3 مرتبہ یعنی 1978، 1980 اور 1994 میں چیمپئنز ٹرافی کا فاتح بن چکا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سابق صدر ایئر مارشل (ر) نور خان نے چیمپئنز ٹرافی کا آئیڈیا پیش کیا تھا، جس کے بعد پہلی چیمپیئنز ٹرافی 1978 میں لاہور میں منعقد ہوئی تھی۔
چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے لیے پاکستانی اسکواڈ میں محمد رضوان سینئر (کپتان)، عمران بٹ، امجد علی، محمد عرفان سینئر، مبشر علی، علیم بلال، احمد شکیل بٹ، توثیق ارشد، راشد محمود، تصور عباس، ابو بکر، محمد عرفان جونیئر، ارسلان قادر، عمر بھٹہ، شفقت رسول، علی شان، اظفر یعقوب اور اعجاز احمد۔ شامل ہیں
 
 

 

Share this article

Leave a comment