Thursday, 28 November 2024


فیفا کا میدان آج سجے گا

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)فٹبال ورلڈ کپ کا21 واں ایڈیشن آج سے روس کے دارلحکومت ماسکو میں شروع ہورہا ہے، ابتدائی میچ میزبان اور سعودی عرب کے درمیان80 ہزار تماشائیوں کی گنجائش رکھنے والے لوزنیکی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا،ٹورنامنٹ کے حوالے سے پوری دنیا میں شائقین کا جوش وخروش عروج پر ہے، ہزاروں کی تعداد میں فٹبال کے دیوانے روس پہنچ چکے، مختلف ٹیموں کے پرستار اپنے اپنے کلچر کو بھی نمایاں کرنے میں مصروف ہیں۔ اس وقت پورا روس فٹبال کے بخار کی لپیٹ میں آیا ہوا ہے۔
عالمی میلے کا آغاز رنگارنگ تقریب سے ہوگا جومکمل طور پر میوزیکل ایکٹس پر مشتمل ہوگی۔ فٹبال کا اصل ایکشن شروع ہونے سے قبل 30 منٹ تک موسیقی سے ماحول کو گرمایا جائے گا۔ برطانوی گلوکار روبی ولیمز اپنی آواز کا جادو جگائیں گے جبکہ روس کی معروف گلوکارہ آئیدا گاری فولینا ان کا ساتھ دیں گی۔
اس موقع پر مختلف میوزیکل ایکٹ پیش کیے جائیں گے۔ ان میں 500 کے قریب ڈانسرز، جمناسٹس اور دیگر آرٹسٹ حصہ لیں گے، سب مل کر روسی ثقافت کو نمایاں بھی کریں گے، تقریب میں ٹورنامنٹ کے آفیشل سونگ پر بھی پرفارم کیا جائے گا۔ یہی نہیں بلکہ ماسکو کے معروف ریڈ اسکوائر پر ایک کنسرٹ بھی منعقد ہوگا جس میں مختلف گلوکار اپنے فن کا مظاہرہ کریں گے۔
رنگا رنگ افتتاح کے بعد اصل ایکشن فٹبال میچ کی صورت میں شروع ہوگا، میزبان روس اور سعودی عرب ابتدائی معرکے میں میدان سنبھالیں گے۔ دونوں ہی ٹیمیں فی الحال پرفارمنس کے لحاظ سے ایک جیسی ہی ہیں اور ناکامیوں کے تھپیڑے جھیل کر میگا ایونٹ میں شریک ہورہی ہیں۔
روس نے اکتوبر میں آخری بار کوریا کو شکست دی اور اس کے بعد وہ مسلسل7 میچز میں خالی ہاتھ رہا، سعودی عرب کو مسلسل تین دوستانہ میچز میں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تاہم ان تینوں مقابلوں میں اس کا سامنا دنیائے فٹبال کی ہیوی ویٹ ٹیموں اٹلی، پیرو اور دفاعی چیمپئن جرمنی سے تھا۔ دونوں ہی ٹیمیں لوزنیکی اسٹیڈیم میں اپنی ناکامیوں کے سلسلے کو بریک لگانے اور نئے سفر کا آغاز کرنے کیلیے پُراعتماد ہیں۔
یاد رہے کہ روس نے2002 کے بعد سے ورلڈ کپ میں ایک بھی میچ نہیں جیتا جبکہ سعودی عرب کو میگا ایونٹ میں آخری کامیابی اس وقت حاصل ہوئی تھی جب اس نے 1994 میں امریکا کو زیر کیا۔ ورلڈ کپ کے حوالے سے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، میچ کے موقع پر 30 ہزار سے زائد اہلکار تعینات کیے جائیں گے اس کے ساتھ مسلسل وینیو کی فضائی نگرانی کا سلسلہ بھی جاری رہے گا۔
فیفا کے ڈائریکٹر سیکیورٹی ہیلمٹ اسپاہن نے بھی شوپیس ایونٹ کے حفاظتی انتظامات کے حوالے سے اطمینان ظاہر کیا ہے۔ ماسکو کے نواحی علاقے میں ایک انٹرنیشنل پولیس کو آپریشن سینٹر بھی قائم کیا گیا جہاں سے سیکیورٹی صورتحال کی مسلسل نگرانی کی جاتی رہے گی۔

 

Share this article

Leave a comment