Friday, 29 November 2024


پاکستان کرکٹ ٹیم نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔

ہرارے اسپورٹس کلب میں کھیلے گئے میچ میں سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے مساکدزا الیون کو بیٹنگ کی دعوت دی تو میزبان ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنائے۔

گرین شرٹس نے ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر آخری اوور میں حاصل کیا، ہدف کے تعاقب میں اوپنر فخر زمان اور حارث سہیل نے ٹیم کو  جارحانہ آغاز فراہم کیا اور پہلی وکٹ پر 58 رنز جوڑے تھے کہ حارث سہیل 16 رنز بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے۔

فخر زمان بھی ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 38 گیندوں پر 47 رنز بنا کر سلومن مائر کا شکار بن گئے۔

تیسری وکٹ پر کپتان سرفراز احمد اور حسین طلعت نے 43 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کا مجموعی اسکور 138 تک پہنچا تو حسین طلعت 44 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔

سرفراز احمد 38 اور شعیب ملک 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ زمبابوے کو شکست دینے کے بعد قومی ٹیم نے سہ فریقی سیریز کے فائنل میں جگہ بنالی۔

اس سے قبل پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے میزبان ٹیم نے محتاط انداز میں اننگز کا آغاز کیا، سلومن مائر 94 رنز بنا کر نمایاں رہے جب کہ مساکندا 33، زووائے 24 اور کپتان ہیملٹن مساکدزا 2 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

زمبابوین ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 162 رنز بنا سکی، گرین شرٹس کی جانب سے محمد عامر، حسین طلعت، فہیم اشرف اور شاداب خان نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

سیریز میں آسٹریلیا سے عبرتناک شکست کے بعد زمبابوے کے خلاف قومی ٹیم میں دو تبدیلیاں کی گئیں، اوپننگ بلے باز محمد حفیظ کی جگہ حارث سہیل اور عثمان خان کی جگہ فاسٹ بولر محمد عامر کو ٹیم میں شامل کیا گیا۔

سیریز میں شامل تینوں ٹیمیں اب تک 2،2 میچز کھیل چکی ہیں اور پوائنٹس ٹیبل پر آسٹریلیا اپنے دونوں میچز میں کامیابی کے بعد 8 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہے۔

پاکستان کو ایک میچ میں شکست ہوئی اور وہ 4 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جب کہ میزبان زمبابوے اپنا کوئی میچ نہیں جیت سکی۔

 

 

Share this article

Leave a comment