Friday, 29 November 2024


غیر ملکی ریسلر کا پاکستان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار

 

ایمزٹی وی(اسپورٹس)پاکستان آئے ہوئے غیرملکی ریسلرز نے گزشتہ دنوں اپنے خیالات کا اظہار کیا، برطانیہ کے ٹائنی آئرن، فرانس کے برام، پاکستانی نثراد فرانسیسی پہلوان بادشاہ خان اور امریکی خاتون ریسلر ریبل نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے پاکستان کو محفوظ ملک قراردیا۔

رنگ آف پاکستان کے عاصم شاہ نے کہاکہ ان انٹرنیشنل مقابلوں کے انعقاد میں آئی ایس پی آر نے ہمارے ساتھ بھر پور تعاون کیا ہے، پاکستانی پہلوان بادشاہ خان نے کہا کہ پاکستان میں ریسلنگ کرنے کا ان کا خواب پورا ہوگیا، مجھے امید ہے کہ یہ مقابلے ملک میں پہلوانی کے فن کو ایک مرتبہ پھر فروغ دینے کا سبب بنیں گے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے برطانوی ریسلر ٹائنی آئرن نے کہا کہ ایک مرتبہ پھر پاکستان آنے پر خوشی ہے، پاکستانی شائقین پہلوانی کے دلدادہ اور اس فن سے بہت رغبت رکھتے ہیں۔ 

خاتون ریسلر ریبل نے کہاکہ اس سے قبل بھی پاکستان آکر بہت مسرت محسوس ہوئی، اگست میں بھی اپنے فن سے محظوظ کرنے کی کوشش کروں گی، پاکستان مجھے بہت پسند ہے۔

ریسلر برام نے کہا کہ پاکستان آکر اپنے ملک جیسا احساس ہورہا ہے، پاکستان کے فروٹ اور جوس شوق سے استعمال کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ کراچی اور اسلام آباد میں شیڈول ایونٹس میں دنیا بھرسے20 سے زائد ریسلرز ایکشن میں نظر آئیں گے، قبل ازیں 2017 میں ہونے والا پہلا ایڈیشن ریسلر بادشاہ خان کے نام رہا تھا، تقریب میں عمران شاہ، دانش خان اور معروف اداکار ایوب کھوسو سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

Share this article

Leave a comment