Friday, 29 November 2024


پشاور دھماکہ، سیاسی قائدین کا گہرے افسوس کا اظہار

 

ایمزٹی وی(پشاور)گزشتہ روز پشاور کے علاقے یکہ توت میں خود کش دھماکے پر سیاسی رہنماؤں نے مذمت کرتے ہوئے اظہارِ افسوس کیا ہےنگراں وزیراعظم ناصر الملک نے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ پر دہشت گرد حملے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، ہارون بلور اور ان کے ساتھیوں کی شہادتوں پر دل انتہائی مغموم ہے ریاست انتخابی مہم کے دوران تمام سیاسی جماعتوں اور ان کے امیدواروں کے لیے سیکیورٹی یقینی بنائے۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف نے ہارون بلور کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے سوگواران کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد ملک میں جمہوریت کا راستہ روکنے کی مذموم کوشش کر رہے ہیں، وہ کل بھی ناکام ہوئے تھے اور آج بھی ناکام ہوں گے ہم سوگواران کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ پاکستان کے دشمن دہشت گردی کے ذریعے ملک اور جمہوریت پر حملہ آور ہیں یہ عناصر پاکستان اور جمہوریت کو کمزور کرنا چاہتے ہیں، ملک کو دہشت گردی سے محفوظ کرنا سب کی ذمہ داری ہے،پیپلز پارٹی پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ اے این پی کے کارواں پر حملہ قابل مذمت ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہارون بلور کی شہادت سے ہمارے دہشت گردی کے خلاف عزم مزید پختہ ہوا، پاکستان مسلم لیگ نے ملک میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے بہت کام کیا اور ملک میں امن قائم کیا، ہارون بلور کی شہادت ایک قومی سانحہ ہے، ہم ایک زندہ قوم ہیں اور ایسے واقعات ہمارے عزم اور حوصلے کو متزلزل نہیں کرسکتے۔
گورنر پنجاب رفیق رجوانہ، چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا، چودھری شجاعت حسین، چودھری پرویز الٰہی ، مونس الٰہی سمیت دیگر رہنماؤں نے واقعے پر اظہار افسوس کیا ہے۔
پشاور ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے دھماکے اور ہارون بلور سمیت دیگر افراد کی شہادتوں کے سوگ میں آج بدھ کو مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

 

Share this article

Leave a comment