Friday, 29 November 2024


سندھ کے عوام کا شکر گزار ہوں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ

 

ایمز ٹی وی(کراچی) نو منتخب وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ سندھ کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے چھٹی بار پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا، سندھ کے عوام کی پیپلز پارٹی پر اعتماد کی گنتی ختم نہیں ہوگی۔
سندھ اسمبلی میں وزیر اعلیٰ کا انتخاب جیتنے کے بعد اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ میرے والد بھی وزیر اعلیٰ سندھ کی کرسی پر رہے ہیں، اپنی والدہ کی دعاؤں سے یہاں تک پہنچا ہوں۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ والد نے ذوالفقار بھٹو کے ساتھ سیاسی کیریئرشروع کیا تھا۔ سنہ 71 میں لوگوں کے حقوق کا خیال نہیں رکھا گیا، ہم نے آدھا ملک گنوا دیا۔
انہوں نے کہا کہ قائد اعظم کے بعد ملک غلط سمت میں چلا گیا۔ ایک دور میں اخبارات سنسر ہوتے تھے، خبروں کی جگہ خالی ہوتی تھی۔
نو منتخب وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بے نظیر بھٹو کی شہادت کے وقت ملک مشکل میں تھا۔ اس وقت آصف علی زرداری آگے آئے اور کہا کہ الیکشن ہوں گے۔ انہوں نے پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ اپنی قیادت کا شکر گزار ہوں جنہوں نے مجھے ذمے داری دی۔ ’سندھ کے عوام کا شکر گزار ہوں جنہوں نے چھٹی بار پیپلز پارٹی کو ووٹ دیا، سندھ کے عوام کی پیپلز پارٹی پر اعتماد کی گنتی ختم نہیں ہوگی‘۔
انہوں نے کہا کہ اس بار پیپلز پارٹی کے ووٹوں میں 20 فیصد کا اضافہ ہوا۔ الیکشن میں آزادی نہیں دی گئی، 85 نشستیں چھینی گئیں۔ ’جو جیتے ہیں ان کو بھی پتہ ہے وہ کیسے جیتے‘۔
مراد علی شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ کو بہت محدود مقدار میں پانی مل رہا ہے، ہم نے عوام کے لیے کام کیا اس لیے انہوں نے ہم پر اعتماد کیا۔ میں نے 2 سال کا کہا تھا، کیا دو سال میں فرق نظر نہیں آیا۔ زراعت کے شعبے میں بے پناہ ترقی آئی ہے۔ ہر دفعہ مخالفین ایک ہو جاتے ہیں، اس بار بھی فرق نہیں پڑا۔

 

Share this article

Leave a comment