Friday, 29 November 2024


وزیر ریلوے کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے سالانہ 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان

 

لاہور: وزیر ریلوے شیخ رشید نے اپنے محکمے کی جانب سے ڈیم فنڈ کے لیے سالانہ 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔

ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہورمیں اجلاس کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا 14 ستمبر کو مارگلہ ایکسپریس اورمیانوالی ریل کار کا افتتاح وزیراعظم عمران خان کریں گے جبکہ عنقریب دو مزید ٹرینیں چلائی جائیں گی، چیف جسٹس اور وزیراعظم کے ڈیم فنڈ میں پاکستان ریلوے سالانہ 10 کروڑ روپے حصہ ڈالے گا، اس مقصد کے لیے ریل کے 100 روپے مالیت تک کے ٹکٹ پر ایک روپیہ اس سے بڑی مالیت کے ٹکٹ پر 2 روپے جبکہ اے سی اور پارلرٹرینوں کے ٹکٹوں پر 10 روپے ڈیم فنڈ کے لیے اضافی لیے جائیں گے۔

شیخ رشید نے کہا انہوں نے سی پیک میں ایم ایل ون  منصوبے کے حوالے سے ویلیو ایشن کمیٹی بنائی ہے، ریلوے نے گوادرکو اپنا آٹھواں ڈویژن قراردیا ہے اوراب وہاں مزید اراضی خریدی جائے گی، ان کی خواہش ہے کہ سی پیک ٹریک اسٹینڈر گیج پر بنایا جائے،  کوئٹہ سے تفتان تک 700 کلومیٹرطویل ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ کیا جائے گا اور اس منصوبے میں ایرانی حکومت سے بھی معاونت لی جائے گی، زائرین ٹرین کے ذریعے ایران جاسکیں گے۔

وفاقی وزیرنے اس عزم کو دہرایا کہ ایک سال میں ریلوے کو خسارے سے نکالیں گے، ریلوے سے متعلق شکایات اور سرمایہ کاری کے لیے دو ویب سائٹس بنائی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ آج کے دور میں نیب کی بڑی دہشت ہے، کوئی ایک پرائیویٹ ٹینڈر نہیں ہوگا، ایم ایل ون کی ویلیوایشن کے بعد تفصیلی رپورٹ میڈیا کے سامنے لائیں گے، وزارت داخلہ اگر کرتارپورکا راستہ کھولتی ہے تو ریلوے حکام ہرممکن تعاون کریں گے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ریلوے کے کسی افسرکو فارغ نہیں کروں گا اور نہ ہی ٹرانسفرکروں گا، 5 ،5 لاکھ تنخواہیں لینے والے 3 افسران چھوڑ گئے، آئی ٹی کے چند افسروں کی مدت ملازمت میں ڈیڑھ سال توسیع کردی گئی ہے، ریلوے کے جو افسران ایک ماہ سے زائد کی چھٹی پر ہیں وہ واپس آجائیں یا پھراستعفی دے دیں۔

 
 

 

Share this article

Leave a comment