Friday, 29 November 2024


پاکستانی استادکانام کمیبرج یونیورسٹی کےمحنتی استاد کےلئےنامزد

لندن: پاکستان سے تعلق رکھنے والے احمد سایا کو لندن کی کیمبرج یونیورسٹی کے محنتی استاد برائے 2019کے اعزاز کیلئے نامزد کرلیا گیا۔

اس ایوارڈ کے لیے دنیا بھر سے 6 معتبر اساتذہ اکرام کو نامزد کیا گیا ہے، جس میں پاکستان کے احمد سایا کے علاوہ بھارت کے ابھے نندن بھٹیاچاریا، سری لنکا کے اینتھونی چیلیاہ، آسٹریلیا کے کینڈس گرین، فلپائن کے جمری ڈیپن اور ملائیشیا کے شارون کونگ فونگ شامل ہیں۔
کمیبرج یونیورسٹی پریس نے ٹوئٹر پر اعلان کیا کہ ماہرینِ تعلیم کے ایک خصوصی پینل نے محنتی استاد کے اعزاز کے لیے پاکستانی استاد احمد سایا سمیت 6 افراد کو نامزد کیا ہے۔
ٹوئٹ میں بتایا گیا کہ ججز کے لیے ناموں کا انتخاب کرنا انتہائی مشکل تھا لیکن انہوں نے اس اعزاز کے لیے صرف 6 نام فائنل کیے، تاہم اس اعزاز کا حقدار کون بنے گا اس کا فیصلہ ووٹنگ کی بنیاد پر ہوگا۔
کیمبرج یونیورسٹی پریس ویب سائٹ کے مطابق دنیا بھر کے تمام طلباء سے گزشتہ برس اکتوبر سے دسمبر تک پوچھا گیا تھا کہ وہ جن اساتذہ اکرام کو سب سے زیادہ محنتی سمجھتے ہیں ان کے نام بھیج دیں۔
کیمبرج یونیورسٹی پریس ویب سائٹ کے مطابق ووٹنگ کا عمل 27 جنوری تک اختتام پذیر ہوگا، جس کے بعد فاتح استاد کے نام کا اعلان کیا جائے گا۔
جو بھی استاد یہ اعزاز حاصل کرے گا، اسے کیمبرج یونیورسٹی کا دورہ کروایا جائے گا اور ساتھ ہی انہیں اپنے اسکول کے لیے کنٹینوئنگ پروفیشنل ڈیولپمنٹ (سی پی ڈی) کی سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دیگر انعامات بھی دیئے جائیں گے۔
واضح رہے کہ احمد سایا کراچی میں واقع کورڈوبا اسکول میں اے لیولز پڑھاتے ہیں۔

 

Share this article

Leave a comment