Friday, 29 November 2024


میٹرک اورانٹرکےامتحانات کاشیڈول تبدیل

کراچی: محکمہ تعلیم نے میٹرک اور انٹر کے امتحانات کا شیڈول تبدیل کردیا لہٰذا میٹرک کا پہلا پرچہ 25مارچ اور انٹرکا پہلا پرچہ 15اپربل کو ہوگا۔

صوبائی وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ کی زیر صدارت محکمہ تعلیم کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں اسکولز و کالجز کے سیکریٹریز، آر ایس یو چیف، بورڈز کے نمائندوں، پرائیویٹ اسکولز کے نمائندوں، ضلعی تعلیمی افسران و دیگر متعلقہ عمل داروں نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوراں صوبے میں بورڈز کے امتحانی سینٹرز کی کنسالیڈیشن اور امتحانات کا کھلے میدانوں میں انعقاد، کریکیولم ونگ کی طرف سے پانچویں اور آٹھویں جماعت کے سالانہ امتحانات اور اس کے علاوہ دیگر جماعتوں کے امتحانات سمیت مختلف نکات پر تفصیلی بحث کی گئی،اجلاس میں گزشتہ اسٹیئرنگ اجلاس کی رودادکی توثیق کی گئی۔

اجلاس میں تعلیمی بورڈز کے امتحانات کھلے میدانوں میں کرانے والے ایجنڈا پر تفصیلی بات ہوئی،بورڈز کے چیئرمینوں نے بتایا کہ ہم نے اپنے طور پر کوشش کی ہے کہ زیادہ امتحانی مراکزکی کنسالیڈیشن کی جائے لیکن امتحانات میں وقت بہت کم ہے اور ہمیں مالی مسائل کا سامنا ہے اورمطلوبہ فرنیچرز، اور دیگر چیزوں کی ٹینڈرنگ پروسیس کے لیے وقت درکار ہے۔

اس پر وزیر تعلیم سردار علی شاہ نے بورڈز چیئرمین کو کہا کہ ایڈیشنل فنڈز نہ سہی آپ کے پاس جتنے بھی موجودہ فنڈز ہیں ان سے جنتا ممکن ہوسکے امتحانات شفاف کروائیں اور کاپی کے عمل کو مکمل طور پر روکنے کی کوشش کریں۔

اسٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس میں متفقہ طور فیصلہ کیا گیا کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات کیلیے امتحانی سینٹرز کی جتنی کنسالیڈیڈیشن ہوچکی ہے اسکو برقرار رکھا جائے گا، اور امتحانی بورڈز جنتا ممکن ہوسکے گا اتنا امتحانات کھلے میدانوں میں منعقد کرائیں گے جبکہ آئندہ سال کے بجٹ میں امتحانات کھلے میدانوں میں کروانے کے لیے رقم مختص کرانے کے لیے بورڈز محکمہ خزانہ کو پہلے سے ہی مراسلہ بھیجیںگے۔

اجلاس میں میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے شیڈول کو تبدیل کردیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ نویں اور دسویں کے امتحانات 20 مارچ کے بجائے 25 مارچ سے کرائے جائیں گے جبکہ گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 5اپریل کے بجائے 15 اپریل سے کروائے جائیں گے۔

شیڈول میں تبدیلی ہندو برادری کے تہوار ہولی کی وجہ سے کی گئی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو میں وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے بتایا کہ میٹرک اور انٹر کے امتحانات کے شیڈول میں تبدیلی ہولی کی وجہ سے کی گئی ہے تاکہ ہندو طلبہ و طالبات اپنا مذہبی تہوار خوشی کے ساتھ مناسکیں۔

 

Share this article

Leave a comment