Thursday, 28 November 2024


محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے

اسلام آباد: پاکستان فلم انڈسٹری پر برسوں تک راج کرنے والے اداکار محمد علی کو مداحوں سے بچھڑے 13 برس بیت گئے تاہم ان کی اداکاری کا سحر آج بھی برقرار ہے۔ پاکستان کے معروف اداکار محمد علی نے برسوں فلمی دنیا پر راج کیا، وہ 19 اپریل 1930 کو ہندوستان کے شہر رام پور میں پیدا ہوئے اور تقسیم برصغیر کے بعد پاکستان آکر انہوں نے ریڈیو پاکستان کراچی سے اپنے فنی کیریئر کا آغاز کیا۔ محمد علی کی بھرپور آواز نے انہیں ایک بہترین براڈ کاسٹر کی حیثیت سے منوایا اور انہیں فلمی دنیا تک پہنچانے میں بھی ان کی آواز نے اہم کردار ادا کیا۔ محمد علی نے 1962 میں فِلم ‘چراغ جلتا رہا’ سے بطور ولن فلمی کریئر کا آغاز کیا اور ابتدائی چند فلموں میں انہوں نے منفی کردار نبھائے، بطور ہیرو ان کی پہلی فلم ‘شرارت’ تھی۔ محمد علی کی شہرت کا آغاز 1964 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘خاموش رہو’ سے ہوا، اسی فلم پر انہوں نے بطور معاون اداکار پہلا نگار ایوارڈ بھی حاصل کیا، انہیں شہنشاہ جذبات کا خطاب بھی دیا گیا۔ اداکار محمد علی ایشیاء کے 25 بہترین اداکاروں کی فہرست میں شامل ہیں۔ انھوں نے 275 کے قریب فلموں میں کام کیا جن میں اردو، پنجابی، پشتو، بنگالی اور ہندی فلمیں شامل ہیں۔ پاکستانی فلم انڈسٹری کے مایہ ناز اداکار محمد علی کا انتقال 19 مارچ 2006ء کو 75 برس کی عمر میں ہوا۔

Share this article

Leave a comment