Friday, 29 November 2024


ہلڑ بازی کرنے پر پیپلز پارٹی کی 2 خواتین کارکن گرفتار

اسلام آباد: پیپلز پارٹی قیادت کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر پیپلز پارٹی کی 2 خواتین کارکنوں کو ہلڑ بازی کرنے اور زبردستی عدالت کے اندر جانے کی کوشش کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔
 
سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر عدالت کے باہر سے پیپلز پارٹی کی 2 خواتین کارکنوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
 
دونوں کو زبردستی عدالت جانے کی کوشش اور ہلڑ بازی کرنے پر خواتین پولیس اہلکاروں نے حراست میں لیا اور پولیس کی گاڑی میں بٹھا دیا۔
 
خیال رہے کہ سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور جلعی بینک اکاؤنٹس کیس میں دائر کردہ ریفرنس کی پہلی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔
 
جعلی بینک اکاؤنٹس کیس کو کراچی کی بینکنگ کورٹ سے اسلام آباد کی احتساب عدالت منتقل کیا گیا تھا، یہ مقدمہ اسی عدالت میں جاری ہے جہاں سے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں سزا ہوئی تھی۔
 
پیپلز پارٹی قیادت کی پیشی کے موقع پر امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے 200 رینجرز اہلکار طلب کیے گئے، اس دوران غیر متعلقہ شخص کو عدالت میں جانے کی اجازت نہیں تھی جبکہ متعلقہ راستوں پر بھی نفری تعینات کی گئی۔
 
پیپلز پارٹی کے کارکنان بھی بڑی تعداد میں وہاں موجود تھے جو نعرے بازی کرتے رہے۔

Share this article

Leave a comment