Friday, 29 November 2024


پاکستان ہاکی فیڈریشن کےموجودہ عہدیداروں کوہٹانےکامطالبہ

لاہور: پی ایچ ایف کیخلاف سابق اولمپئنز میدان میں آگئے، انھوں نے وزیراعظم عمران خان سے موجودہ عہدیداروں کو ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

لاہور پریس کلب میں پاکستان اولمپئنز فورم کی جانب سے سیمینار کا اہتمام کیا گیا، جس میں سابق اولمپئنز خواجہ طارق عزیز، سلیم ناظم، حنیف خان، خالد بشیر، منظور جونیئر، خواجہ جنید، کرنل مدثر اصغر، نوید عالم، محمد ثقلین، وسیم فیروز، کراچی ہاکی ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹرجنید علی شاہ و دیگرز نے شرکت کی۔

اجلاس میں قرار داد بھی پیش کی گئی جس میں پی ایچ ایف آفیشلز کوآئینی طور پر برطرف کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔ سابق اولمپئن خواجہ طارق عزیز نے کہاکہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میں اقربا پروری، دوست نوازی اور میرٹ کو نظرانداز کرنا تباہی کا باعث بنا، فیڈریشن کو جس نے تنقید کا نشانہ بنایا اسے عہدہ دے دیا جاتا۔

محمد ثقلین نے کہا کہ ہاکی ہمارے خون میں ہے، پاکستان میں یہ کھیل ختم نہیں ہوسکتا،کرپٹ لوگوں کو فیڈریشن سے دور کرنا ہوگا۔ راؤ سلیم ناظم نے کہا کہ ہاکی کی تباہی کا احتساب کے لیے جمع ہونا ضروری تھا۔

کرنل (ر) مدثراصغر نے کہا کہ پاکستان ہاکی میں نمبر ون رہا لیکن آج اولمپکس میں کوالیفائی بھی کرنے سے محروم ہیں۔ منظور جونیئر نے کہاکہ ہم ہمیشہ پاکستان کی عزت کے لیے کھیلے،فیڈریشن حکام کا دھیان کرپشن کی طرف لگا ہوا ہے۔

حنیف خان نے کہا کہ پاکستان ہاکی کو اگر بہتر کرنا ہے تو ڈومیسٹک اسٹرکچرکومضبوط کرنا چاہیے۔ وسیم فیروز نے کہا کہ آج کے فورم میں ایک ہی مشن ہے کہ ہاکی کو بچانا ہے، موجودہ فیڈریشن نے جو ہاکی کا حال کیا اس کا احتساب کرنا ہوگا، حکومت سے گزارش ہے کہ اگر فنڈز دیتے ہیں تو اس کا حساب بھی مانگا جائے۔ خالد بشیر نے کہا کہ پاکستان ہاکی کو مضبوط ایڈمنسٹریٹرکی ضرورت ہے جو دلیرانہ فیصلے کرے۔

خواجہ جنید نے کہا کہ فیڈریشن ٹیم نہیں جتوا سکی، مستقبل کا پلان نہیں دے سکتی تو مستعفی ہوجائے۔ نوید عالم نے کہا کہ کرپٹ ٹولے نے ہاکی کو تباہ کردیا ہے، صدر کراچی ہاکی ایسوسی ایشن ڈاکٹر جنید علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن میںمیرٹ کی دھجیاں بکھیردی گئی ہیں۔

Share this article

Leave a comment