Friday, 29 November 2024


موبائل کاایسا استعمال جو آپ کو متاثرکررہاہے

دور حاضر میں شاید ہی کوئی ایسا شخص ہو جو اسمارٹ فون استعمال نہ کرتا ہو اور بالخصوص اپنے بسترپر لیٹ کر اس کا استعمال نہ کرتا ہو لیکن یہ جاننے کی ضرورت ہے کہ اس طرح کا عمل آپ کی صحت کے لیے کتنا نقصان دہ ہے۔
 
کیلیفورنیا یونیورسٹی نے موبائل فون کے استعمال سے متعلق حالیہ تحقیق میں صارفین کو خبردار کیا ہے کہ لیٹ کر موبائل فون کا استعمال جسم اور دماغ کے لیے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔
 
تحقیق میں بتایا گیا ہے کہ اسمارٹ فون کی اسکرین سے خارج ہونے والی شعاعیں آنکھوں کو متاثر کرتی ہیں اور دماغ کو جاگنے پر مجبور کرتی ہیں۔
 
تحقیق کے مطابق اگر آپ کی نیند متاثر ہوتی ہے اور آپ 5 سے 6 گھنٹے ہی سو پاتے ہیں، اس کے نتیجے میں دوران نیند جسم کے اندر زہریلے مواد کی صفائی کا عمل مناسب طریقے سے نہیں ہوپاتا۔
 
یہ زہریلے اثرات پھر جسم کے اندر موجود رہتے ہیں جس کے نتیجے میں توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت متاثر ہوتی ہے، مختصر المدت یادداشت پر اثرات مرتب ہوسکتے ہیں، مسائل کا حل نکالنے کی صلاحیت بھی ناقص ہوسکتی ہے۔
 
کم نیند کا نتیجہ لوگوں کے اندر نقصان دہ غذا کے استعمال کا رجحان بھی بڑھاتا ہے جس کے نتیجے میں موٹاپے، ذیابیطس اور بلڈ پریشر جیسے امراض کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
 
کسی بھی چیز کے استعمال کے لیے اعتدال پہلی شرط ہوتی ہے اس لیے موبائل کے استعمال کے معاملے میں بھی توازن کے بگڑ جانے سے معاملہ گڑبڑ ہوجاتا ہے۔

Share this article

Leave a comment