Friday, 29 November 2024


انسٹاگرام اور ٹوئٹر پر نفرت انگیز مواد اور غیر اخلاقی زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف نئے قوانین متعارف کروادیئے گئے

سوشل میڈیا استعمال کرنے والے بہت سے افراد اس بات کا خیال نہیں رکھتے کہ ان کی جانب سے شیئریا پوسٹ کیا جانے والا مواد کس قسم کا ہے۔منافرت پھیلانے والی پوسٹس سے نمٹنے کیلئے دومعروف سوشل سائٹس ٹوئٹر اور انسٹا گرام نے نئے قوانین متعارف کروا دیے۔
 
انسٹا گرام اور ٹوئٹرفرت انگیز مواد اورغیر اخلاقی زبان پر قابو پانے کیلئے موجودہ قوانین میں تبدیلی کر رہے ہیں۔
 
یہ سائٹس مصنوعی ذہانت کا استعمال کر کے ان برائیوں پر قابو پانے کی کوشش کر رہی ہیں جس کے تحت ایسے الفاظ یا فقروں کے استعمال پرکسی بھی صارف کو بلاک اور اس کے کیے گئے کمنٹ یا ٹویٹ کو ہٹایا جاسکتا ہے جو قواعد و ضوابط کے خلاف ہوں۔
 
اس حوالے سے ٹوئٹر کی جانب سے 9 جنوری کو ایک اعلان کیا گیا جس کے مطابق کئی ماہ کی تحقیق کے بعد نفرت انگیز طرز عمل کے حوالے سے رائج قوانین میں اضافے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ لوگ دوسروں کیلئے ان کے مذہب کی بنیاد پر غیر انسانی زبان استعمال کر رہے ہیں۔ اس قسم کی رپورٹ کی جانے والی ٹویٹس کو اب ہٹا دیا جائے گا۔
 
ٹوئٹر انتظامیہ کے مطابق 9 جولائی سے پہلے کی جانے والی ایسی ٹویٹس کو رپورٹ کیے جانے پر ڈیلیٹ تو کردیا جائے گا لیکن مذکورہ شخص کا اکاؤنٹ بند نہیں ہوگا کیونکہ اس نے ٹویٹ اس قانون کے رائج ہونے سے پہلے کی تھی۔
 
ٹوئٹر نے اس حوالے سے شائع کیے جانے والے اپنے مضمون میں یہ بھی واضح کیا کہ مذہب کی بنیاد پر نفرت انگیز کلمات، دوسروں کو کسی کیڑے مکوڑے، جانور سے تشبیہہ دینا یا کسی مذہبی گروہ کو نشانہ بنانے والی ٹویٹس کو ہٹایا جانا ضروری ہے۔ ۔۔
 
دوسری جانب انسٹاگرام نے آں لائن ہراساں کرنے اور اس جیسے دوسرے مسائل کا خاتمہ کرنے کیلئے نئے فیچر متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے۔
 
انٹرنیٹ کے ذریعے کسی کوبھی ہراساں کرنا ایک گھمبیر مسئلہ ہے اس لیے انسٹا گرام بھی اس سے نمٹنے کیلئے مصنوعی ذہانت کا سہارا لے رہا ہے تا کہ اسے صارفین کو بلاک نہ کرنا پڑے۔
 
انسٹا گرام کی جانب سے متعارف کرائے جانے والے نئے فیچرز منافرت پر مبنی کمنٹس یا پیغام لکھنے والوں کو پوسٹ کرنے سے قبل ہی بتا دیں گے کہ یہ نامناسب ہے۔
 
صارفین کو پہلے سے باخبر کرنے کیلئے اس قسم کے کوئی بھی کمنٹ یا پیغام پوسٹ کرنے سے قبل ان سے انسٹا گرام کی جانب سے پوچھا جائے گا کہ ’’ کیا آپ پریقین ہیں کہ آپ یہ پوسٹ کرنا چاہتے ہیں‘‘؟۔
 
اس پیغام کا مقصد یہ ہے کہ شاید کوئی صارف اپنی سوچ پر نظر ثانی کرلے اور لکھے ہوئے کو تبدیل کر لے۔
 
انسٹا گرام کے مطابق نئے فیچر کے ابتدائی تجربات سے ثابت ہوا ہے کہ ایسا کرنے سے بہت سے صارفین اپنے کمنٹس پرنظرِثانی کرتے ہیں اور متوازن کمنٹ یا پیغام لکھ دیتے ہیں۔

Share this article

Leave a comment