Friday, 29 November 2024


ہم امداد نہیں تجارت کی بات کر رہے ہیں, شاہ محمود قریشی

واشنگٹن: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہم وہ پاکستان نہیں جو کشکول لے کر امداد کا متقاضی ہو، ہم امداد نہیں تجارت کی بات کر رہے ہیں۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کیپیٹل ون ایرینا واشنگٹن کا دورہ کیا اور کمیونٹی ایونٹ کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ سینیٹرعبداللہ نے وزیر خارجہ کو کمیونٹی ایونٹ سے متعلق مفصل بریفننگ دی۔ وزیر خارجہ نے انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا۔
 
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم نے دورہ امریکا میں پاکستانیوں سے ملاقات کو شامل کیا، امریکا میں مقیم پاکستانی نئے پاکستان کا وژن جاننے کا اشتیاق رکھتے ہیں۔
 
وزیرخارجہ نے کہا کہ اس سے قبل اتنا پرجوش ماحول کبھی دیکھنے میں نہیں آیا، اس سے قبل کمیونٹی اجلاس بند کمروں میں ہوتے رہے۔انہوں نے کہا کہ پنڈال میں 20 ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے، قوی امید ہے امریکی پاکستانیوں کا اجتماع فقیدالمثال ہوگا۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وزیراعظم فائیواسٹار ہوٹل کے بجائے پاکستان ہاؤس میں رہیں گے، میں بھی پاکستان ہاؤس میں ٹھہرا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہترین ہوٹل میں ہمارے قیام کا کہا گیا، فیصلہ ہوا سادگی ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے پاکستان ہاؤس میں قیام کیا جائے۔
 
وزیر خارجہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان خودداری سے بات کریں گے، ہم ایک باوقار اور خوددار پاکستان کا پیغام لے کرآ رہے ہیں، ہم وہ پاکستان نہیں جو کشکول لے کرامداد کا متقاضی ہو، ہم امداد نہیں تجارت کی بات کر رہے ہیں

Share this article

Leave a comment