Friday, 29 November 2024


مقبوضہ کشمیر کا معاملہ اقوام متحدہ میں لے جانے کا اعلان

اسلام آباد: پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کا معاملہ دوبارہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں لے جانے کا اعلان کردیا ہے۔
 
اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران وزیر خارجہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازع ہے، اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر کشمیر سے متعلق کئی قرار دادیں موجود ہیں، پاکستان نے کشمیر کے معاملے پر اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل میں دوبارہ جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ بھارت نے صدر ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش مسترد کردی، یورپی یونین کو باور کرادیا کہ بھارت مذاکرات سے کتراتاہے، یورپی یونین کشمیر پر مذاکرات میں کردار ادا کرسکتی ہے تو پاکستان تیار ہے۔
 
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں 9لاکھ بھارتی فوج تعینات ہے، بھارت کب تک ایک کروڑ 40 لاکھ کشمیریوں کو قید میں رکھے گا، خدشہ ہے بھارت دنیا کی توجہ ہٹانے کیلیے پلوامہ جیسا ڈراما رچا سکتاہے، فیصلہ کرلیا گیا ہےکہ سمجھوتہ ایکسپریس نہیں چلے گی۔ پاکستان نے 28 ممالک کو اپنی تشویش سے آگاہ کردیا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارت کا مقبوضہ کشمیر کو اندرونی معاملہ کہنا قانونی طور پر غلط ہے اور ہم اسے مسترد کرتے ہیں، یہ تاثر درست نہیں کہ آرٹیکل 370 بھارت کا اندرونی معاملہ ہے، نہرو نے کئی مرتبہ وعدے کیے کہ کشمیر کا فیصلہ وہاں کے عوام کی خواہش کے مطابق ہوگا، بھارتی یکطرفہ اقدام کے خطے پر منفی اثرات ہو ں گے، پاکستان نے اپنی فضائی حدود محدود نہیں کیں، اس حوالے سے خبریں غلط ہیں۔

Share this article

Leave a comment