Friday, 29 November 2024


کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پرکےالیکٹرک کی منطق

کراچی: کے الیکٹرک نے شہر میں بارش کے دوران کرنٹ لگنے سے ہونے والی ہلاکتوں پر نرالی منطق پیش کردی۔
 
ترجمان کے الیکٹرک کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ حالیہ بارشوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات پر بے حد افسوس ہے، کرنٹ لگنے کے زیادہ تر واقعات گھروں کے اندر پیش آئے، ان واقعات کا مکمل جائزہ لیا جا رہا ہے۔
 
ترجمان کے الیکٹرک نے بجلی کے کھمبوں پر لگے انٹرنیٹ اور کیبل ٹی وی کے خلاف بھی آپریشن کا اعلان کیا۔
 
ترجمان نے کہا کہ بجلی کے کھمبوں پر کیبل اور انٹرنیٹ کی تاریں بڑا خطرہ ہیں، انٹرنیٹ، ٹی وی کیبل و آلات پر 19 اگست سے سخت کارروائی کی جائے گی۔
 
ترجمان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں سے کے الیکٹرک تنصیبات کے گرد تجاوزات ختم کرنے کی اپیل کرتے ہیں۔
 
واضح رہے کہ کراچی میں حالیہ بارشوں کے نتیجے میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 30 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں بچے بھی شامل تھے جب کہ کرنٹ لگنے سے کئی علاقوں میں قربانی کے جانور بھی ہلاک ہوئے۔
 
اس کے علاوہ شہر میں بارشوں کے دوران کئی علاقوں میں تین روز تک بجلی معطل رہی اور اس دوران کے الیکٹرک کے ہیلپ لائن سینٹر کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

Share this article

Leave a comment