Friday, 29 November 2024


پاکستان کرکٹ بورڈ میں اھم فیصلوں کا اعلان اگلے ہفتے ہوگا

نئے پاکستان میں مستقبل کی کرکٹ کے کیا خدوخال ہوں گے، ملکی کرکٹ کا ڈھانچہ اور ترتیب کیسی ہوگی،پی سی بی ہیڈکوارٹر میں کون کرے گا راج اور کس کس کو اب گھر کی راہ لینا پڑے گی۔اس حوالےسے پاکستان کرکٹ کے تمام اہم فیصلوں کا اعلان اگلے ہفتے ہوگا۔
 
پی سی بی حکام کو وزارت قانون اور وزارت بین الصوبائی رابطہ کی جانب سے تاحال ترامیم شدہ آئینی نوٹی فکیشن نہیں ملا۔ عید کی تعطیلات کے بعد بورڈ کے دفاتر صرف ایک روز کے لیے جمعے کو کھلے تھے۔ اب پیر سے ایک بارپھر بورڈ کی راہ داریوں میں چہل پہل دکھائی دے گی۔
 
ذرائع کے اہم فیصلوں کے اعلان سے پہلے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں منظور ہونے والے آئینی مسودے میں ترامیم کا باقاعدہ نوٹی فکیشن جب تک جاری نہیں ہوتا، اس وقت تک بورڈ حکام کے ہاتھ بندھے ہوئے ہیں۔ یہ ہی وجہ ہے کہ پی سی بی ہیڈ کوارٹر میں اس اہم کاغذ کے ٹکڑے کا بے تابی سے انتظار ہورہا ہے۔ بورڈ آفیشلز کو یقین ہے آئندہ 2 سے 3 روز میں یہ نوٹی فیکشن موصول ہوجائے گا۔
ابھی تک پاکستان کرکٹ بورڈ کا نظام پرانے آئین کے مطابق ہی چل رہاہے، نئے نظام میں پاکستان کرکٹ بورڈ کی ترتیب کیا ہوگی، کس طرح نظم ونسق چلے گا، اس کے لیے نیا نوٹی فیکشن بہت اہمیت رکھتاہے جس میں چیئرمین کے زیادہ تر اختیارات بھی موجودہ ایم ڈی وسیم خان کو مل جائیں گے اور وہ بطور ایگزیکٹو اہم فیصلوں کی منظوری دے سکیں گے۔
پی سی بی حکام ستمبر میں مجوزہ نئے فرسٹ کلاس ڈھانچے سمیت اہم فیصلوں کے حوالے سے مشاورت اور پیپر ورک پہلے ہی مکمل کرچکے ہیں، انڈر 19 کوچز کے انٹرویوز پیر سے شروع ہورہے ہیں جس کے بعد کوچنگ اسٹاف کی فہرست کو حتمی شکل دی جاسکے گی۔ قومی سینیئر ٹیم کی سلیکشن کمیٹی کے لیے اشتہار دینے کی ضرورت نہیں، نئی سلیکشن کمیٹی کا اعلان بھی نوٹی فکیشن ملنے کے بعد کردیا جائے گا۔
 
نئے پاکستان کرکٹ بورڈ میں عرصہ دراز سے بورڈ کے ساتھ چمٹے نااہل افسران اور ملازمین کو فارغ کرنے کی فہرست بھی تیار کی جارہی ہے۔ ان کی جگہ پروفیشنلز کو پی سی بی کا حصہ بنانے سمیت بورڈ کا تمام تر نظم ونسق چلانے کے حوالے سے ضروری اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کافی حد تک ہوچکا، بس اعلانات ہونا باقی ہیں۔
 
پی سی بی حکام کو سری لنکن بورڈ کی طرف سے بھی جواب کا انتظار ہے اور وہ پرامید ہیں کہ سکیورٹی وفد کی رپورٹ جمع ہونے کے بعد اگلے چند روز میں سری لنکن بورڈ کی جانب سے کچھ پیش رفت ہوسکتی ہے۔ اطلاعات کےمطابق لنکن بورڈ حکام پاکستان میں دو ٹیسٹ میچوں کے لیے ہاں کرنے سے پہلے کھلاڑیوں سے مشاورت کرنا چاہتے ہیں، سب کی رضامندی کے بعد ہی اس سیریز کے مقام کا تعین ہوسکےگا۔ان دنوں لنکن ٹیم نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم سیریز کھیلنے میں مصروف ہے جس کے سبب اس اہم فیصلے میں تاخیرہوسکتی ہے۔
 
دوسری جانب قومی سینئر ٹیم کے ہیڈ کوچ، بولنگ کوچ، اور بیٹنگ کوچ کے ساتھ اسٹرینتھ اینڈ کنڈیشنگ کوچ کے لیے درخواستیں 26 اگست تک جمع ہوں گی، منتخب کوچز کا اعلان ستمبر کے ابتدائی دنوں تک ممکن ہوسکے گا۔

Share this article

Leave a comment