Thursday, 28 November 2024


شعیب ملک کیریبیئن لیگ میں گیانا کی کپتانی کریں گے

لاہور: فارم اور فٹنس ثابت کرنے کا عزم لیے شعیب ملک جمعرات کو دبئی سے ویسٹ انڈیز روانہ ہوںگے جب کہ آل راؤنڈر کیریبیئن پریمیئر لیگ میں گیانا ایمازون واریئرز کی قیادت کریں گے۔
 
دبئی میں اہلیہ ثانیہ مرزا کے ہمراہ شعیب ملک نے حال ہی میں شادی کرنے والے حسن علی اور سامیعہ کی میزبانی کرتے ہوئے ان کی آئندہ زندگی کیلیے نیک خواہشات کا اظہار کیا،اب آل راؤنڈر کیریبیئن پریمیئر لیگ میں شرکت کیلیے جمعرات کو ویسٹ انڈیز روانہ ہوںگے۔ ٹرینیڈاڈ میں 4ستمبر کو شروع ہونے والے ایونٹ کا فائنل 12اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔
 
گذشتہ سال کی رنرز اپ ایمازون واریئرز کی قیادت کرتے ہوئے شعیب ملک کو اپنی فارم اور فٹنس ثابت کرنے کا موقع ملے گا،گذشتہ دنوں انھوں نے کینیڈا پریمیئر لیگ میں213 کی اوسط اور161 کے اسٹرائیک ریٹ سے رنز بنائے، ایونٹ میں انھوں نے صرف ایک بار وکٹ گنوائی اور وہ بھی رن آؤٹ ہوئے تھے۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کے کامیاب ترین کھلاڑیوں میں شمار ہونے والے آل راؤنڈر نے مئی 2015میں زمبابوے کیخلاف ہوم سیریز میں کم بیک کرنے کے بعد مختصر فارمیٹ کے میچز میں مسلسل عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے،انھوں نے اس دوران 52میچز میں 40.75 کی اوسط اور 141کے شاندار اسٹرائیک ریٹ سے 1304 رنز بنائے،اس دوران شعیب ملک نے 109چوکے اور 43چھکے لگائے۔
 
تجربہ کار آل راؤنڈر نے ٹیسٹ کرکٹ کو خیر باد کہہ دیا تھا، ورلڈکپ کے بعد ون ڈے سے بھی ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا، وہ مختصر فارمیٹ میں ملک کی نمائندگی جاری رکھتے ہوئے آئندہ سال آسٹریلیا میں ہونے والے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں بھی شرکت کرنے کی خواہش کا اظہار کر چکے ہیں، پاکستان کو سری لنکا کیخلاف 5،7اور 9اکتوبر کو لاہور میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنا ہیں، شعیب ملک کو اس سیریز کیلیے کیریبیئن پریمیئر لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن واپس آنا ہوگا۔

Share this article

Leave a comment