Friday, 29 November 2024


کیا آئی فون 11 ستمبر میں لانچ کیا جایئگا؟

کیلیفورنیا: ہر سال کی طرح اس سال بھی آئی فون کے اگلے ماڈل یعنی آئی فون 11 کا بڑی شدت سے انتظار کیا جارہا ہے۔ اس کے تین ورژن پیش کیے جائیں گے جو بالترتیب آئی فون 11، آئی فون 11 آر اور آئی فون 11 میکس ہوں گے۔ متوقع طور پر ان ڈیزائنز کی قیمتیں بھی 1000 ڈالر سے 1300 ڈالر کے درمیان ہوں گی۔
 
ویسے تو آئی فون 11 کی بیشتر تفصیلات منظرِ عام پر آچکی ہیں لیکن اب تک یہ معلوم نہیں ہوسکا ہے کہ اسے کس تاریخ کو لانچ کیا جائے گا۔ ’’سی نیٹ نیوز‘‘ میں موبائل سیکشن کی سینئر ایڈیٹر ’’لائن لاء‘‘ نے اس بارے میں پیش گوئی کرتے ہوئے اپنے تازہ بلاگ میں لکھا ہے کہ نئے آئی فونز کی تقریبِ رونمائی متوقع طور پر 10 ستمبر کو ہوگی جبکہ 20 ستمبر سے ان کی سپلائی شروع کی جائے گی۔
 
اس اندازے کی وجہ بتاتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ امریکا میں ’’لیبر ڈے‘‘ ہر سال ستمبر کے پہلے پیر کو منایا جاتا ہے۔ گزشتہ سات سال کے دوران آئی فون کی تقریبِ رونمائی لیبر ڈے والے ہفتے میں یا پھر اس سے اگلے ہفتے کے دوران، منگل یا بدھ کے روز منعقد کی جاتی رہی ہے۔ جس سال میں لیبر ڈے 3 ستمبر یا اس سے پہلے کی کسی تاریخ کو پڑا، تو آئی فون کے نئے ماڈل کی تقریبِ رونمائی اس سے اگلے ہفتے میں منعقد کی گئی۔ تاہم جس سال لیبر ڈے 5 ستمبر یا اس کے بعد والی تاریخ میں آیا، تو اس سال ایپل کارپوریشن نے آئی فون کا نیا ماڈل اسی ہفتے کے دوران (منگل یا بدھ کے روز) عوام کے سامنے پیش کیا۔
 
امریکا میں اس سال لیبر ڈے 2 ستمبر کو پڑ رہا ہے اس لیے نیا آئی فون لانچ ہونے کی متوقع تاریخ اس سے اگلے ہفتے میں آنے والے منگل یا بدھ کا دن ہوسکتا ہے۔ منگل کو 10 ستمبر جبکہ بدھ کو 11 ستمبر ہوگی۔ البتہ 11 ستمبر 2019 کو نائن الیون کے اٹھارہ سال بھی مکمل ہورہے ہیں اس لیے گیارہ ستمبر کو آئی فون کا نیا ورژن لانچ کرنے کا امکان، نہ ہونے کے برابر ہے۔
 
ان تمام باتوں کی بنیاد پر لائن لاء کا کہنا ہے کہ آئی فون 11 کی لانچ ڈیٹ، کم و بیش یقینی طور پر، 10 ستمبر 2019 ہی ہوگی۔

Share this article

Leave a comment