Friday, 29 November 2024


عادل الجبير سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ملاقات

 
 
 
 
 
 
 
اسلام آباد: سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ عادل الجبير اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ عبد الله بن زايد بن سلطان النہيان نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔
 
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ عادل الجبير اور عبد الله بن زايد بن سلطان النہيان کی ملاقات ہوئی، ملاقات میں باہمی دلچسپی اور خطے میں سیکیورٹی کی صورتحال پر بات چیت ہوئی۔
 
آرمی چیف نے دونوں ممالک کے ساتھ خصوصی اسٹریٹیجک تعلقات پر فخر کا اظہار کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔
 
سعودی عرب اور عرب امارات نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی اقدامات کے خلاف تعاون کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال سے متعلق پاکستان سے تعاون کریں گے۔
 
خیال رہے کہ سعودی عرب کے وزیر مملکت برائے امور خارجہ اور متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ کل پاکستان پہنچے تھے۔
 
دونوں وزرائے خارجہ، وزارت خارجہ پہنچے اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔ تینوں رہنماؤں میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور خطے میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
 
وزیر خارجہ شاہ محمود نے 5 اگست کو بھارتی یکطرفہ اقدامات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کردیا، بھارت کشمیر میں مسلم اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنا چاہتا ہے۔
 
بعد ازاں دونوں وزرائے خارجہ نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کی تھی، ملاقات کے اعلامیے کے مطابق وزیر اعظم اور وزرائے خارجہ کے درمیان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی غیر قانونی اور یکطرفہ فیصلے پر بات چیت ہوئی۔
 
وزیر اعظم عمران خان نے کرفیو اور بلیک آؤٹ پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کرفیو کے خاتمے اور نقل و حرکت پر پابندی اٹھانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کشمیری عوام کے بنیادی حقوق کا احترام کرنے پر زور دیا۔

Share this article

Leave a comment