Friday, 29 November 2024


ٹیکنالوجی کی دنیامیں ایپل کی نئی پیشکش

مانیٹرنگ ڈیسک : معروف امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے آئی فون 11 کے نئے ماڈلز متعارف کرادیے جن کی کم سے کم قیمت میں بھی تبدیلی کی گئی ہے۔
 
ایپل نے اپنی سالانہ تقریب میں آئی فون 11 اور تین کیمروں پر مشتمل 11 پرو اور 11 پرو میکس سمیت دیگر مصنوعات متعارف کروائیں۔
ئے آئی فون ماڈلز کو پہلے سے بہتر اور تیز ٹیکنالوجی کی مدد سے تیار کیا گیا ہے تاہم الیون کے ماڈلز بھی ایکس سیریز کی طرح نوچ (notch) ڈسپلے اور مختلف رنگوں میں متعارف کروائے جا رہے ہیں۔
 
آئی فون الیون کے تینوں ماڈلز میں اب تک کی تیز ترین چِپ کا حامل اے 13 بائیونک پراسیسر لگایا گیا ہے۔
 
آئی فون الیون کی ڈسپلے اسکرین 6.1 انچ ہے جب کہ پرو اور پرو میکس کی ڈسپلے اسکرین بالترتیب سپر ریٹینا 5.8 اور 6.5 انچ رکھی گئی ہے۔
 
ان ماڈلز میں بھی گزشتہ برس کے ماڈلز کی طرح ایچ ڈی آر، ڈولبی ویژن، ایچ ڈی آر 10، 120 ہرٹز ٹچ سنسنگ، تھری ڈی ٹچ، وائیڈ کلر سپورٹ اور دیگر فیچرز پہلے کے مقابلے میں مزید بہتر کرکے شامل کیے ہیں۔
 
آئی فون الیون پرو اور پرو میکس کی خاص بات یہ ہے کہ ان کی پشت پر تین کیمرے لگائے گئے ہیں جن میں الٹرا وائڈ اینگل لینس بھی شامل گیا ہے۔
اس کے علاوہ اس بار کیمرے کے بہترین نتائج کے لیے ڈیپ فیوژن فیچر بھی شامل کیا گیا ہے جو کہ مشین لرننگ کی مدد سے لو لائٹ شاٹس کو بہتر کرتا ہے۔
 
خیال رہے کہ ہواوے اور سیم سنگ پہلے ہی 3 بیک کیمروں والے موبائل فونز متعارف کروا چکے ہیں۔
 
ایپل نے گزشتہ برس آئی فون ایکس سیریز کے مقابلے میں آئی فون 11 کی شروعاتی قیمت میں بھی کمی کی ہے۔
 
نئے آئی فونز کی قیمت کیا ہے؟
گزشتہ برس لانچ ہونے والےآئی فون ایکس آر کی کم سے کم قیمت 749 ڈالرز تھی جب کہ آئی فون الیون کی قیمت 699 ڈالرز سے شروع ہو گی۔
 
آئی فون الیون پرو کی قیمت 999 ڈالرز سے لے کے 1349 ڈالرز ہے یعنی 1 لاکھ57 ہزار سے لے کر 2 لاکھ 11 ہزار (علاوہ ٹیکس) سے زائد پاکستانی روپے رکھی گئی ہے جب کہ پرو میکس کی قیمت 1099 ڈالرز سے لے کر 1449 ڈالرز یعنی 1 لاکھ 72 ہزار سے لے کر سوا دو لاکھ سے زائد پاکستانی روپے (علاوہ ٹیکس) ہو گی۔
 
پاکستان کے موجودہ قوانین کے تحت 500 امریکی ڈالرز سے مہنگے اسمارٹ فونز پر کم و بیش 38 ہزار روپے ٹیکس وصول کیا جاتا ہے۔
 
یاد رہے کہ ان آئی فونز کی پاکستان میں لانچ ہونے کی تاریخ اور حتمی قیمتوں کا ابھی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
 
ایپل نے اپنے ایونٹ میں نئے آئی پیڈ 10.2 انچ اور ایپل واچ سیریز 5 بھی لانچ کیے ہیں۔

Share this article

Leave a comment