Friday, 29 November 2024


آرمی چیف نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی

 
 
 
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں بچانے میں آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا اہم کردار ہے۔ معیاری صحت کے لیے اے ایم سی ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے آرمی میڈیکل سینٹر ایبٹ آباد کا دورہ کیا۔ آرمی چیف نے لیفٹیننٹ جنرل خاور رحمٰن کو کرنل کمانڈنٹ اے ایم سی کے بیج لگائے۔
 
اس موقع پر سبکدوش کرنل کمانڈنٹ لیفٹیننٹ جنرل زاہد حامد ریٹائرڈ، حاضر سروس افسران اور جوانوں نے تقریب میں شرکت کی۔
 
آرمی چیف نے آرمی میڈیکل کور کے افسران و جوانوں سے بات چیت بھی کی، انہوں نے ڈاکٹرز اور عملے کی سویلینز اور فوجی جوانوں کے لیے طبی خدمات کو سراہا۔ جنرل قمر جاوید باجوہ نے یادگارشہدا پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی بھی کی۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں جانیں بچانے میں اے ایم سی کا اہم کردار ہے۔ معیاری صحت کے لیے اے ایم سی ڈاکٹرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
 
انہوں نے مزید کہا کہ آرمی میڈیکل کور پاک فوج و دیگر اہم شہریوں کو بہترین سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔
 
اس سے قبل آرمی چیف نے سندھ بھر کے نوجوانوں کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان کا مستقبل نوجوانوں کے ہاتھوں میں ہے، آپ لوگوں نے پاکستان کی قیادت کے لیے ترجیحات طے کرنی ہیں۔
 
انہوں نے کہا تھا کہ اگر ہم خود کو ایمانداری سے نہیں دیکھیں گے تو کوئی مدد نہیں کرے گا۔ پاکستان کا مستقبل جمہوریت سے وابستہ ہے، پاکستان دنیا میں اپنا مقام حاصل کرے گا۔

Share this article

Leave a comment