Friday, 29 November 2024


معیشت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں، آرمی چیف

 
 
 
 
 
 
راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معیشت کے ساتھ ہے، ملک میں داخلی سیکیورٹی کی بہتر صورتحال کے اقتصادی سرگرمیوں پرمثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
 
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ادارے آئی ایس پی آر کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بتایا کہ معیشت اورسیکیورٹی کے موضوع پرآرمی آڈیٹوریم میں اجلاس ہوا، آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ نے اجلاس کی میزبانی کی، حکومتی اقتصادی ٹیم اور معروف تاجر رہنما اجلاس میں شریک تھے۔
 
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں داخلی سیکیورٹی کی صورتحال میں بہتری آئی ہے اور صورتحال میں بہتری کے اقتصادی سرگرمیوں پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں
 
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ تاجربرادری کے حکومتی اقتصادی ٹیم سے رابطے اور جوابدہی خوش آئند ہے اور نجی وسرکاری اداروں میں بڑھتے ہوئے روابط قابل ستائش اقدام ہیں۔
 
 
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ قومی سلامتی کا براہ راست تعلق معیشت کے ساتھ ہے، ان مباحثوں کا مقصد تمام فریقین کو پلیٹ فارم مہیا کرناہے، پلیٹ فارم کی تجاویز سے مربوط حکمت عملی وضع کرنے میں مدد ملے گی۔
 
آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں اقتصادی ٹیم نے تاجر برادری کو حکومتی اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا معیشت کیلئے اٹھائے گئے اقدامات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں، تاجر برادری کا کہنا تھا کہ کاروباری ماحول میں بہتری کیلئے کئی اقدامات ضروری ہیں، تاجر اپنے ذمے ٹیکس پوری ذمہ داری سے ادا کررہے ہیں۔
 
آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے مشترکہ فورم پر مثبت سفارشات دینے پر شرکا سے اظہار تشکر کیا۔

Share this article

Leave a comment