Friday, 29 November 2024


ہمیں آج تک بینظیر کیس میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا، بلاول بھٹو

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ ہمیں آج تک بینظیر کیس میں انصاف فراہم نہیں کیا گیا، پیپلز پارٹی کو معاشی، انسانی اور جمہوریت کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے۔
 
چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سنہ 1973 کے آئین اور 18 ویں ترمیم کے لیے کارکنان نے قربانی دی، ہمیں آج تک بینظیر کیس میں بھی انصاف فراہم نہیں کیا گیا۔
 
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی ایسے منصوبے لائی جو غریب کے لیے ہیں، صوبے کے حقوق اور وسائل سلب کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔ یہ لوگ سندھ کے دارالحکومت پر بھی قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔
 
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو معاشی، انسانی اور جمہوریت کے حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ہم آواز نہیں بنیں گے تو ملک دشمن آپ کے حقوق سلب کرتے رہیں گے۔
 
بلاول کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی معاشی پالیسی ہمیشہ غریب دوست ہوتی ہے، عوام نے پیپلز پارٹی کا ساتھ دینا ہے۔ یہ حکومت کسی کو نہیں چھوڑ رہی، پورا ملک سراپا احتجاج ہے۔ ہر ادارے سے نوجوانوں کو بے روزگار کیا جا رہا ہے۔
 
انہوں نے کہا کہ ہم کراچی میں جلسہ کریں گے، کراچی کے بعد تھر پارکر میں جلسہ کریں گے۔ تھر پارکر سے پنجاب اور پھر پختونخواہ میں بھی جلسہ کریں گے۔ ہم نے مل کر عام آدمی کی حکومت بنانی ہے جو عوام کا خیال رکھے۔
 
بلاول کا کہنا تھا کہ 17 تاریخ کو الیکشن ہے آپ سب نکلیں گے اور ہم جیتیں گے، 18 اکتوبر سے عوامی جدوجہد کا سفر شروع ہوگا۔ پورے پاکستان میں آپ کا پیغام لے کر جائیں گے۔ عوام اپنے معاشی اور جمہوری حقوق پر سمجھوتہ کرنے کو تیار نہیں۔ میں یقین سے کہتا ہوں ہم عوامی مسائل حل کر سکتے ہیں۔

Share this article

Leave a comment